وزیراعظم مودی کو کلین چٹ دیئے جانے پر الیکشن کمیشن پر یچوری کی تنقید

نئی دہلی۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام) انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلا ف ورزیوں سے متعلق مختلف شکایات پر الیکشن کمیشن کی طرف سے وزیراعظم نریندر مودی کو دی گئی کلین چٹ پر سی پی آئی (ایم) کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے کہا کہ اس قسم کے واقعات سے نمٹنے میں مرکزی انتخابی ادارہ کے طرز عمل سے سازشیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ یچوری نے اس ادارہ کے نام اپنے مکتوب میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے اس رویہ سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم مودی کو مہاراشٹرا کے علاقہ ودربھا میں کی گئی ایک تقریر پر کلین چٹ دی ہے جس میں انہوں نے کیرالا کے حلقہ وائناڈ سے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے مقابلہ پر تنقید کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ اس حلقہ میں اقلیتی ووٹوں کی اکثریت ہے۔