وزیراعظم مودی کا دورہ ویتنام و چین ، G-20 میں شرکت

نئی دہلی ۔ یکم / ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی ویتنام کے دورہ پر /2 ستمبر کو رات دیر گئے روانہ ہوں گے تاکہ /4 اور /5 ستمبر کو G-20 چوٹی کانفرنس جو چین میں مقرر ہے شرکت کرسکیں ۔ وہ /5 ستمبر کو ہندوستان واپس ہوجائیں گے ۔ بعد ازاں سالانہ ہند۔آسیان اور مشرقی ایشیاء چوٹی کانفرنسوں میں شرکت کیلئے روانہ ہوں گے ۔ ویتنام میں مودی وسیع تر مذاکرات اعلیٰ سطحی قیادت سے کریں گے تاکہ دفاع ، صیانت ، تجارت اور معاشی شعبوں میں ہند۔ویتنام تعلقات میں استحکام پیدا کیا جاسکے ۔ G-20 چوٹی کانفرنس میں جو چین میں مقرر ہے امکان ہے کہ ہندوستان کئی مسائل اٹھائے گا جن میں دہشت گرد ی پر قابو پانا اور ٹیکس چوری جیسے معاملات شامل ہوں گے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم مودی اہم ادویہ کی منڈی پر ہندوستان کی رسائی کے سلسلے میں G-20ممالک کی قیادتوں سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آج کہا کہ G-20 کے رکن ممالک کے قائدین سے وہ بیماریوں پر قابو پانے کی دواؤں کی منڈی سے ہندوستان کی رسائی پر زور دیں گے ۔علاوہ ازیں وہ دہشت گردی پر قابو پانے کے اقدامات میں باہمی تعاو ن پر تبادلہ خیال کیریں گے ۔ عالمی معیشت کی بہتری کیلئے G-20 کے رکن ممالک کی قیادت پر وہ زور دیں گے ۔