وزیراعظم اسرائیل نتن یاہو مملکت فلسطین کے قیام کیلئے پابند عہد

یروشلم ۔ /31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے آج کہا ہے کہ وہ مملکت فلسطین کے قیام کیلئے پابند عہدہیں ۔ انہوں نے فلسطینی قیادت پر غیرمشروط مذاکرات کیلئے آمادہ ہونے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مستقل امن کا مقصد اسی صورت میں حاصل کیا جاسکتا ہے کہ دونوں عوام کیلئے دو ریاستیں ہوں ۔ نتن یاہو نے دورہ کنندہ وزیر خارجہ جرمنی سے ملاقات کے بعد یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطین کے ساتھ امن مذاکرات میں پیشرفت کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وہ سمجھتے ہیں کہ راست مذاکرات کے ذریعہ ہی پیشرفت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔ اس سے پہلے انتخابات کے دوران نتن یاہو نے فلسطینی مملکت کے قیام کا امکان مسترد کردیا تھا جس پر بین الاقوامی تشویش بڑھ گئی لیکن بعد میں انہوں نے اپنا موقف بدل دیا ۔