وزراء اور عوامی نمائندوں کے لیے تربیتی کلاسیس

چیف منسٹر ، وزراء ، ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور کونسل ارکان کے لیے سہولتوں کی فراہمی
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بہتر حکمرانی اور سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت نے وزراء اور عوامی نمائندوں کیلئے ٹریننگ کلاسس کے اہتمام کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں نلگنڈہ کے تفریحی مقام ناگر جنا ساگر میں تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ۔ نئی دہلی میںریاستی حکومت کے نمائندے وینو گوپال چاری اور بعض ریاستی وزراء کو ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ناگر جنا ساگر میں تین روزہ ٹریننگ کیمپ کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں تا کہ چیف منسٹر ‘وزراء ‘ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کے قیام کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ حکومت کے پارلیمنٹری سکریٹریز بھی ٹریننگ کیمپ میں شرکت کریں گے ۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے ناگر جناساگر گیسٹ ہاوز میں قیام کے پیش نظر سکیوریٹی کے بھی سخت انتظامات کئے جائیں گے ۔ چندرا شیکھر راو اور وزراء یکم مئی کی شام ناگر جنا ساگر پہنچ جائیں گے جبکہ 2 مئی کی صبح 10 بجے سے ٹریننگ کیمپ کا آغاز ہوگا ۔ ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ اور پارلیمنٹری سکریٹریز بھی یکم مئی کی رات کیمپ میں حاضر رہیں گے ۔ پروگرام کے مطابق اڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کی جانب سے مختلف ماہرین کو مدعو کرتے ہوئے انتظامی امور اور حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کے موضوعات پر لکچرس کا اہتمام کیا جائے گا ۔ ماہرین معاشیات ‘ آبپاشی شعبہ کے ماہرین کے علاوہ نظم و نسق پر عبور رکھنے والے ریٹائرڈ اعلی عہدیداروں کو لیکچرس کی دعوت دی جائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق چیف الیکشن کمشنرس ٹی این سیشن اور جی ایم لینگڈوہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے ۔ وزراء اور عوامی نمائندوں کیلئے ابتدائی دو دن ٹریننگ کلاسس ہوں گے جبکہ 4 مئی کو کیمپ کے آخری دن ضلع پریشد صدور نشین‘ میئرس ‘ ضلع ٹی آر ایس کمیٹیوں کے صدور اور مجالس مقامی کے اہم عوامی نمائندوں کو کیمپ میں شامل کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کیمپ کے افتتاح اور اختتام پر خطاب کریں گے ۔ ٹریننگ کیمپ میں چیف منسٹر کی شخصی طور پر موجودگی سے وزراء اور عوامی نمائندوں میں ٹریننگ میں شرکت کو لازمی سمجھا جارہا ہے ۔