وزارت فینانس و لیبر میں کوئی اختلاف نہیں

ہم سب حکومت ہند کیلئے کام کرتے ہیں۔ ونڈارو دتاتریہ کا ادعا
حیدرآباد 30 اپریل ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر لیبر بنڈارو دتاتریہ نے آج تردید کی کہ ملازمین کے پراویڈنٹ فنڈ پر شرح سود کے تعین کے سلسلہ میں وزارت فینانس سے ان کی وزارت کے کوئی اختلافات ہیں۔ دتاتریہ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت لیبر و وزارت فینانس کے مابین کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ وزارت فینانس ہمیں مشورے دیتی ہے ۔ ہمیں کوئی سرکلر یا نوٹ روانہ کیا جاتا ہے ۔ اس کے جواب میں ہم وزارت فینانس سے بات چیت کرتے ہیں۔ یہ ایک عمومی طریقہ ہے ۔ حکومت نے پراویڈنٹ فنڈ ڈپازٹس پر شرح سود کو 8.8 فیصد سے 8.7 فیصد کرنے کے اپنے فیصلے سے دستبرداری اختیار کرلی تھی ۔ ماہ مارچ سے اب تک پراویڈنٹ فنڈ کے تعلق سے حکومت نے تیسری مرتبہ اپنا کوئی فیصلہ واپس لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر ہم سب ایک ہیں۔ ہم حکومت ہند کیلئے فیصلے کرتے ہیں۔ وزارت لیبر بھی حکومت ہند کا حصہ ہے ۔ اب تک ہم نے پراویڈنٹ فنڈ کے تعلق سے کوئی اعلامیہ جاری نہیں کیا ہے اور وزارت فینانس سے مشاورت کے بعد ہم اب فوری اعلامیہ جاری کر رہے ہیں ۔ ایسے میں اختلاف کہاں سے آجاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے میں جب مارکٹ میں شرح سود میں کٹوتی کا سلسلہ جاری ہے ایسے میں ہم اگر 8.7 فیصد کا شرح سود ادا کر رہے ہیں تو یہ بہت اچھا ہے ۔ واضح رہے کہ حکومت کو چند دن قبل پراویڈنٹ فنڈز سے رقم کی دستبرداری پر ٹیکس کی تجویز کو بھی واپس لینا پڑا تھا جب اس کے خلاف شدید احتجاج شروع ہوگیا تھا ۔