ورلڈ کپ 2022 کی مشترکہ میزبانی کیلئے عمان اورکویت تیار نہیں

دوحہ ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) قطر کی میزبانی میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے عمان اور کویت نے شراکت سے انکار کر دیا ہے جس کے باعث قطر کی مشکلات میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ عمان نے فیفا ورلڈ کپ کے میچوں کی میزبانی سے معذرت کی ہے جبکہ کویت نے ممکنہ طور پر 4گروپوں کی میزبانی پر فیفا کی شرائط ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیفا نے ورلڈ کپ 2022 میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی تعداد 32 سے بڑھا کر 48کرنے کا اشارہ دیا ہے جبکہ قطر اتنی زیادہ ٹیموں کی تن تنہا میزبانی کرنے میں ہچکچاہٹ کا اظہار کر رہا ہے۔ جس کے باعث فیفا نے عمان اور کویت کو اضافی گروپوں کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔ عمان نے فیفا ورلڈ کپ 2022کے میچو ں کی میزبانی کے لئے درکار وقت کی کمی کے باعث معذرت کی ہے۔ عمان کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ یوسف بن علوی نے کہا ہے کہ مختصر وقت میں ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے مطلوبہ تیاری نہیں ہو سکتی اس لیے عمان کے لیے اس کی میزبانی ممکن نہیں۔دوسری طرف عمان کی معذرت کے بعد فیفا نے اس کے متبادل پرکام شروع کردیا جس میں کویت کو چارگروپوں کی میزبانی کی پیشکش کی گئی۔ فیفا کا اعلیٰ وفد کویت پہنچا جس نے کویتی حکام کو میچوں کی میزبانی کے لیے فیفا کی پیشکش اور شرائط سے آگاہ کیا۔ فیفا نے میچز دیکھنے کے لیے تمام شائقین کو بغیر شرط کے ویزے جاری کر نے کی ضمانت مانگی ہے۔ علاوہ ازیں میچوں کے لیے اسپانسرزکمپنیوں کو مطلوب تمام سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے ان میں سے الکحل والے مشروبات تیار کرنے والی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ ان کمپنیوں کو میچوں کے دوران اشتہارات دینے کی بھی اجازت دی جائے گی۔ شرائط میں فیفا کے مطابق 4 نئے اسٹیڈیم تعمیرکرنا بھی شامل ہے۔ کویتی اسپورٹس اتھارٹی ذرائع نے کہا ہے کہ فیفا کی شرائط ماننا مشکل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کویت میں ورلڈ کپ کے میچز کے انعقاد کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں تاہم کویتی حکام نے کہا ہے کہ اسپورٹس اتھارٹی اس حوالے سے حکومت سے بھی بات کرے گی۔ اس کے بعد فیفا کو حتمی جواب دے دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے دہشت گردی کی سرپرستی کے الزام سے2017 سے قطر کے ساتھ تعلقات منقطع کر رکھے ہیں یہی وجہ ہے کہ فیفا مزید میچوں کی میزبانی کیلیے عمان اور کویت کو پیشکش کر رہا ہے۔