ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی ہندوستانی ٹیم کا اعلان

ممبئی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئندہ ماہ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جس کی قیادت ویراٹ کوہلی کررہے ہیں۔ ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی ٹیم کے انتخاب کے ضمن میں گذشتہ کئی ماہ سے چند ایک پہلوؤں پر ماہرین اور عوامی سطح پر بحث ہورہی تھی جس میں سب سے زیادہ بحث کا موضوع نمبر چار پر کس کھلاڑی کا انتخاب ہوگا یہ سوال سب سے اہم تھا لیکن معلنہ ٹیم میں بھی کسی خاص بیٹسمین کو اس نمبر کیلئے مختص نہیں کیا گیا۔ 15 رکنی ٹیم میں جہاں دنیش کارتک نوجوان وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت کو شکست دینے میں کامیاب رہے وہیں امباٹی رائیڈو جنہوں نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف نمبر چار پر ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کی تھی وہ بھی ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے حالانکہ یہ گمان قوی تھا کہ نمبر چار پر بیٹنگ کیلئے امباٹی رائیڈو کو پہلی پسند کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ 15 رکنی ٹیم میں روہت شرما اور شکھردھون کو بحیثیت اوپنر شامل کیا گیا ہے جبکہ لوکیش راہول جن کا حالیہ مظاہرہ مایوس کن رہا لیکن آئی پی ایل میں انہوں نے سنچری اسکور کی اور چند ایک بہترین اننگز کھیلی ہیں جس کی وجہ سے انہیں محفوظ اوپنر کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی وکٹ کیپنگ کیلئے پہلی پسند ہیں جبکہ دنیش کارتک محفوظ وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں شامل کئے گئے ہیں۔ انگلینڈ کی وکٹوں اور موسمی حالات کے اعتبار سے ایم ایس کے پرساد کی قیادت میں یہاں منعقدہ سلیکٹروں کے اجلاس میں متوازن ٹیم منتخب کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس کیلئے فاسٹ بولنگ شعبہ میں ایک اضافی بولر اور اسپن شعبہ میں بھی ایک زائد اسپنر کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فاسٹ بولنگ شعبہ میں بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ کے ساتھ محمد سمیع کو موقع دیا گیا ہے جو کہ اضافی فاسٹ بولر ہوں گے۔ اسی طرح اسپنگ شعبہ میں کلدیپ یادو اور یوزویندر چہل کے ساتھ رویندر جڈیجہ کو موقع دیا گیا ہے۔ آل راونڈر شعبہ میں ہاردک پانڈیا پہلی پسند ثابت ہوئے جن کے ساتھ وجے شنکر جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ منعقدہ ونڈے سیریز میں انہوں نے خاص کر اعصاب شکن لمحات میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا اور شنکر کو بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں بہتری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ میڈل آرڈر میں کیدار جئے دیو بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ٹیم کے اعلان سے قبل پنت اور کارتک کے انتخاب اور نمبرچار پر بیٹنگ کیلئے موزوں بیٹسمین کا موضوع سب سے اہم تھا جہاں 33 سالہ کارتک نے نوجوان 21 سالہ پنت کو شکست دی حالانکہ دورہ انگلینڈ کے موقع پر پنت نے انگلینڈ کے خلاف بہتر مظاہرہ کیا تھا لیکن حالیہ دنوں میں ان کے مظاہروں میں عدم استقلال رہا جس کی وجہ سے وہ سلیکٹروں کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔