ورلڈ کپ کا سرپرائز پیاکیج ہو گی نیوزی لینڈ

لندن۔26مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے ورلڈ کپ فاتح کپتان کپل دیو نے کہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ورلڈ کپ کی سرپرائز پیاکیج ہوگی اور کیوي ٹیم نے پریکٹس میچ میں دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم ہندستان کو 6وکٹوں سے شکست دے کر کپل کی پیشن گوئی پر ایک طرح سے مہر لگا دی ہے ۔ہندستان نے اس سال نیوزی لینڈ کے دورے میں پانچ میچوں کی سیریز میں 4-1 سے کامیابی حاصل کی تھی اور اس سے پہلے آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز میں بھی 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندستانی ٹیم ورلڈ کپ میں آئی سی سی رینکنگ میں نمبر دو کے رتبے کے ساتھ اتری ہے لیکن پریکٹس میچ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں ستارے دکھا دیے ۔نیوزی لینڈ چار سال پہلے 2015 میں آسٹریلیا کے ساتھ مل کر میزبان رہا تھا اور فائنل تک پہنچا تھا۔ اگرچہ فائنل میں نیوزی لینڈ کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کیوی ٹیم ہمیشہ ورلڈ کپ میں چھپا رستم سمجھا جاتا ہے اور یہ ٹیم چونکانے والے نتائج دیتی رہتی ہے ۔ اس بار بھی نیوزی لینڈ کو اسی طرح کا چھپا رستم مانا جا رہا ہے ۔ سابق ہندستانی کپتان کپل دیو سے حال میں جب ورلڈ کپ کے چار ممکنہ سیمی فائنل ٹیموں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے پہلی تین ٹیموں کے لئے انگلینڈ، ہندستان اور آسٹریلیا کا نام دیا اور چوتھی ٹیم کے لئے انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک سرپرائز پیکیج ہو سکتا ہے ۔کیوی ٹیم کے پاس اچھے تیز گیند باز اور کچھ بہترین بلے باز ہیں۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ اور درمیانے تیز گیند باز جیمز نیشام نے بالترتیب چار اور تین وکٹ لے کر ہندستان کی بلے بازی کو جھنجھوڑ دیا تھا۔نیوزی لینڈ نے ہندستان سے ہوم سیریز 1-4 سے گنوانے کے بعد بنگلہ دیش کو مسلسل تین میچوں میں شکست دی تھی۔ ہندستان کے خلاف پریکٹس میچ میں پہلے نیوزی لینڈ کے گیند بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور راس ٹیلر نے میچ فاتح نصف سنچری بنائیں ۔
ولیمز نے 67 اور ٹیلر نے 71 رن بنائے ۔ ان دونوں کے علاوہ ٹیم کے پاس مارٹن گپٹل کی حیثیت میں ایک تجربہ کار بلے باز ہے ۔ یہ تینوں بلے باز بڑا سکور بنانے کے اہل ہیں۔نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے تیز اٹیک، اسپنروں اور بہترین آل راؤنڈرز کے دم پر ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو پریشانی میں ڈال سکتی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری کا خیال ہے کہ ان کا بولنگ اٹیک کسی بھی ٹیم کی بلے بازی کو تباہ کر سکتا ہے ۔ نیوزی لینڈ عالمی کپ میں اپنی مہم ایک جون کو کارڈف میں سری لنکا کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔ اگرچہ نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر ٹام لاتھم چوٹ کی وجہ ہندستان کے خلاف پریکٹس میچ میں نہیں کھیل پائے تھے اور وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 28 مئی کو ہونے والے اگلے پریکٹس میچ میں بھی نہیں کھیل پائیں گے ۔ کیوی ٹیم کے لئے فی الحال تشویش کی بات لاتھم کی فٹنس ہے کہ وہ ایک جون تک فٹ ہو پائیں گے یا نہیں۔