ورلڈ کپ فائنل ، لارا ہند۔ پاک مقابلے کے خواہاں

برج ٹاؤن۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے بیٹنگ لیجنڈ برائن لارا ورلڈ کپ 2019کا فائنل پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران ورلڈ کپ 2019 کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کی پچز کو دیکھتے ہوئے کسی ایک ٹیم کو ایونٹ جیتنے کیلئے پسندیدہ قرار دینا تھوڑا مشکل ہے تاہم ہندوستان اور پاکستان کو میں اس ٹورنمنٹ میں پسندیدہ قرار دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں روایتی حریفوں کے مابین میچ میں شائقین کا جوش و جذبہ دیکھنے کے قابل ہوتا ہے ، پاکستان ایک ایسی ٹیم ہے جو بڑے سے بڑا میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور اکثر جیتا ہوا میچ بھی ہارجاتی ہے۔ہندوستان اس وقت ایک متوازن ٹیم ہے جو گزشتہ چند سال سے بہترین مظاہرے کررہی ہے۔