ورلڈ کپ سے پہلے سری لنکائی ٹیم کے کپتان کی گرفتاری، پابندی کا امکان

کولمبو۔ 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم نے حال ہی میں جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ سیریز جیت کر نئی تاریخ رقم کی تھی ، لیکن اب ورلڈ کپ سے عین قبل اس ٹیم کیلئے بری خبر آئی ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان دمتھ کرونارتنے کو کولمبو میں شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ تاہم بعد میں پولیس نے حراست میں لینے کے بعد انہیں ضمانت پر چھوڑ دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکائی ٹیسٹ کپتان شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی سے ایک اور گاڑی کو ٹکر لگ گئی اور متاثرہ گاڑی کے ڈرائیور کو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔ خبروں کے مطابق تو اسی ہفتہ کرونارتنے کی عدالت میں پیشی بھی ہوسکتی ہے۔سری لنکا کرکٹ بورڈ عدالتی کارروائی کی بنیاد پر کرونارتنے پر پابندی بھی لگا سکتا ہے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم گزشتہ کچھ مہینوں سے تادیبی کارروائی کے معاملات سے کافی پریشان ہے۔ اب کرونارتنے بھی تنازعہ میں پھنس گئے ہیں۔ادھر بورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ کرونارتنے بورڈ کے کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑی ہیں ، جن کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور ضروری کارروائی کیلئے انکوائری کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت کے فیصلہ کے بعد بورڈ کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کو سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔