ورلڈ کپ:پاکستان کے قطعی اسکواڈ کا 4 جنوری کو فیصلہ متوقع

کراچی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ ورلڈ کپ 2015 ء کیلئے اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کیلئے سلیکشن کمیٹی کے تمام ارکان 4 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمع ہوں گے۔ چیف سلیکٹر اور سابق کپتان معین خان نے کل صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ سلیکٹرس پنٹیگولر کپ میں شامل اسکواڈ کے ابتدائی 30 ناموں کے ساتھ ساتھ ہر کھلاڑی کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ معین کے علاوہ سلیکشن کمیٹی میں شامل شعیب محمد اور سلیم یوسف نے سندھ نائٹس اور خیبر پختونخوا فائٹرز کے درمیان پنٹیگولر کپ کے افتتاحی میچ میں کھلاڑیوں کا جائزہ لیا۔ معین نے بتایا کہ محمد اکرم ان دنوں لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کے بائیو مکینکس میں مصروف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے دوسرے ارکان ( اعجاز احمد اور وجاہت اللہ واسطی) اگلے کچھ دنوں میں ورلڈ کپ اسکواڈ فائنل کرنے کے عمل میں شامل ہو جائیں گے۔