ورلڈکپ کی چند ٹکٹوں کیلئے لاکھوں شائقین کی دلچسپی

دبئی۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈ کپ کی محدود تعداد میں دستیاب مزید ٹکٹوں پر شائقین ٹوٹ پڑے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں برس انگلینڈ میں ورلڈ کپ کے باقی بچنے اور شائقین کی جانب سے واپس کیے جانے والے ٹکٹ دوبارہ فروخت کیلیے پیش کردیے، آغاز سے ہی ان میں شائقین کی بڑی تعداد نے دلچسپی دکھائی، اس میں کچھ اہم مقابلوں کی ٹکٹیں بھی شامل ہیں ، میزبان انگلینڈ، پاکستان، آسٹریلیا اور ہندوستان جیسی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ آئی سی سی نے ایک مرتبہ پھر شائقین کو خبردار کیاکہ وہ صرف سرکاری طور پر فروخت کرنے والوں سے ہی ٹکٹیں خریدیں۔ گورننگ باڈی کی جانب سے غیرقانونی طور پر ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے، کسی بھی غیر متعلقہ ویب سائٹ پر فروخت کیلیے پیش کی جانے والی ٹکٹوں کو منسوخ کردیا جائے گا۔ ٹورنمنٹ کے ڈائریکٹر اسٹیو ایلورتھی نے کہاکہ ہم جلد ہی ایک ری سیل پلیٹ فارم دوبارہ کھولنے والے ہیں جہاں پر شائقین اپنی ٹکٹیں محفوظ طریقے سے ان کی اصل قدر پر فروخت کرسکیں گے۔ اسی طرح تمام میدانوں پر ہاسپٹلٹی پیکجز بھی بدستور دستیاب اور اس کیلیے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جا سکتا ہے،آئی سی سی کی سرکاری ویب سائٹ پر اس حوالے سے متعلقہ لنک بھی دیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس بار ٹکٹوں میں دلچسپی ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ رہی، اب تک 8 لاکھ ٹکٹوں کے لیے 30 لاکھ درخواستیں 148 ممالک سے موصول ہوئیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں مڈغاسکر اور میکسیکو جیسے ممالک بھی شامل ہیں۔