ورلڈکپ کیلئے ہند اورانگلینڈ پسندیدہ ٹیمیں:آرتھر

کراچی ۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستا نی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پاکستان،ہندوستان،انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کو ورلڈ کپ جیتنے کے لئے پسندیدہ قرار دیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا ونڈے سیریز کی ضمن میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل یہ سیریز بہت اہم ہے اس لئے ہم کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ نوجوان کرکٹرز کے لئے موقع ہے کہ وہ کارکردگی دکھاکر ٹیم میں جگہ پکی کرسکیں۔مکی نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لئے انگلینڈ اور ہندوستان پسندیدہ ہیںان کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ورلڈ کپ جیت سکتی ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو آرام دیا گیا ہے ان کی جگہ شعیب ملک قیادت کریں گے جبکہ پہلا میچ جمعے کی شام شروع ہوگا۔مکی آرتھر نے کہا کہ مسلسل کھیلنے کی وجہ سے آرام کی ضرورت ہے ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے سنیئرز کو تازہ دم کرنے کے لئے آرام دیا گیا ہے۔یہ سیریز ورلڈ کپ کے لئے بہترین موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا ہندوستان کو شکست دیکرآئی ہے اس لئے ہم آسٹریلیا کو آسان حریف تصور نہیں کرتے ہیں۔ دریں اثناء آسٹریلیائی اسپنر ایڈم زمپا نے کہا ہے کہ پاکستان ونڈے میں دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک ہے اس لیے پاکستان کو آسان حریف نہیں سمجھتے۔ ہندوستان کو ہوم گراونڈ پر شکست دینے کے بعد آسٹریلیاکا اعتماد اورحوصلہ بلند ہے لیکن پاکستان کو آسان حریف نہیں سمجھتے۔ یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلیے بھی خاص اہمیت رکھتی ہے، ہندوستان میں سیریزجیتنے کے بعد متحدہ عرب امارات میں بھی فتوحات کا تسلسل برقرار رکھنا ہو گا۔