ورلڈکپ کیلئے انگلش ٹیم کا اعلان،مورگن کپتان برقرار

لندن ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈکپ 2019 کے لئے میزبان اور پسندیدہ انگلینڈ نے اپنے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں جوفرا آرچر کو شامل نہیں کیا گیا تاہم انہیں پاکستان کے خلاف سیریز کے لئے اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ انگلینڈ نے گزشتہ سیریز کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت بدستور ایان مورگن کریں گے۔ توقعات کے برعکس جوفرا آرچر کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا لیکن وہ آئرلینڈ و پاکستان کے خلاف ٹی20 اور پاکستان کے خلاف 5 ونڈے میچوں کی سیریز کے لئے معلنہ 17رکنی انگلش اسکواڈ کا حصہ ہیں۔انگلینڈ نے دونوں ملکوں کے خلاف ایک، ایک ٹی20 میچ کے لئے 14رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس کے مستقل رکن معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر اور بین اسٹوکس کو آرام کا موقع دیا گیا ہے حالانکہ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ ٹی20 اسکواڈ میں سیم بلنگز اور جیمز ونس کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ممکنہ طور پر جوفرا آرچر سیریز کے دوران انگلینڈ کے لیے اپنے کئریر کا آغازکریں گے۔ انگلینڈ کے نیشنل سلیکٹر ایڈ اسمتھ نے کہا کہ آئی سی سی کے قوانین کے تحت ہمیں 23 اپریل تک اپنے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرنا تھا تاہم پاکستان کے خلاف اعلان کردہ17رکنی اسکواڈ کا کوئی بھی رکن اس سیریز کے اختتام پر ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں جگہ بنا سکتا ہے۔ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا حتمی شکل دینے کی آخری تاریخ 23 مئی ہے۔ ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ انگلینڈ کا ابتدائی اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ایان مورگن(کپتان)، معین علی، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، عادل رشید، ٹام کرن، جو ڈینلی، ایلکس ہیلز، لیام پلنکٹ، جو روٹ، جیسن رائے، ڈیوڈ ولی،کرس ووکس اور مارک ووڈ۔پاکستان کے خلاف سیریز کے لئے انگلینڈ کے 17رکنی اسکواڈ میں کپتان ا?ئن مورگن، معین علی، جوفراآرچر، جونی بیئراسٹو، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، عادل رشید، ٹام کرن، جو ڈینلی، ایلکس ہیلز، کرس جورڈن، لیام پلنکٹ، جو روٹ، جیسن رائے، ڈیوڈ ولی، کرس ووکس اور مارک ووڈ۔