’ورلڈکپ میں بہترین کاردگی دکھائیں گے‘، پاکستانی کھلاڑی پرعزم

اسلام آباد۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈکپ 2019 کے اسکواڈ میں شامل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے عالمی کپ میں اچھی کارکردگی دکھانے اور ہندوستان کے خلاف میچ جیتنے کے عزم کا اظہار کردیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے 7 کھلاڑیوں نے گفتگو کی اور ٹیم کی تیاریوں اور ورلڈکپ 2019 جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔ٹیم کے سب سے سینیئر کھلاڑی شعیب ملک نے کہا کہ سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان ان کے لیے رول ماڈل ہیں۔شعیب ملک نے میڈیا کو بتایا کہ انگلینڈ میں ہونے والا عالمی مقابلہ ان کے اس طویل کیریئر کا آخری عالمی میلہ ہوگا جسے وہ یاد گار بنانے کی کوشش کریں گے۔اہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ ورلڈکپ کے بعد کب تک عالمی کرکٹ کا حصہ رہیں گے۔شعیب ملک کا کہنا تھا کہ اس وقت قومی ٹیم کا مرکب اچھا ہے اور وہ اس کے مطابق ہی بیٹنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔مایہ ناز آل راؤنڈر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت قومی ٹیم کا مقصد کسی ایک ٹیم سے میچ جیتنا نہیں بلکہ ورلڈکپ جیتنا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دباؤ میں ہی کھلاڑی کے پاس کارکردگی دکھانے کا موقع ہوتا ہے اور ہر کھلاڑی کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ بہترین کارکردگی دکھائے۔ابھرتے ہوئے اوپننگ بلے باز امام الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی دکھا کر ورلڈ کپ میں عوام کو خوشیاں دے سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف ورلڈ کپ میں میچ کے دوران دباؤ اضافی ہوتا ہے، تاہم میں اس میچ کو بھی عام میچ کی طرح کھیلنے کی کوشش کروں گا۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اپنی کارکردگی کے بعد عالمی کپ کیلئے پاکستانی اسکوڈ میں جگہ بنانے والے محمد حسنین نے کہا کہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، تاہم اب ورلڈ کپ میں ان کی کوشش ہوگی کہ وہ سو فیصد کارکردگی پیش کریں۔ورلڈ کپ اسکوڈ میں شمولیت پر محمد حسنین نے کہا کہ میں اس کیلئے اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتا ہوں۔