ودیاوالینٹرس نوکری چھوڑ رہے ہیں،چار ماہ سے تنخواہ نہیں ، گذر بسر مشکل

حیدرآباد ۔ 30 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے سرکاری اسکولس میں اگر کوئی ودیا والینٹرس موجود نہ ہوں تو حیران نہ ہوں کیوں کہ یکے بعد دیگرے ودیا والینٹرس بیروزگار ہورہے ہیں ۔ انہیں گذشتہ چار ماہ سے تنخواہ نہیں مل رہی ہے اور ودیا والینٹرس نوکری چھوڑنے پر مجبور ہیں ۔ آس پاس کے اضلاع اور دیہاتوں سے شہر آکر ودیا والینٹر کی ڈیوٹی انجام دینے والے تنخواہ کے بغیر بھلا کیسے گذر بسر کرسکیں گے ۔ چار ماہ سے تنخواہ سے محروم ودیا والینٹرس یکے بعد دیگر نوکری چھوڑ کر اپنے آبائی گاؤں واپس ہونے پر مجبور ہیں ۔ ماہانہ 8 ہزار روپئے تنخواہ پر گاؤں سے حیدرآباد آکر نوکری میں گذر بسر مشکل ہورہی تھی ۔ چار ماہ سے مسلسل تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ان کا حیدرآباد میں رہنا ناممکن ہوگیا تھا اس لیے ودیا والینٹرس نوکری چھوڑ کر اپنے آبائی گاؤں واپس ہورہے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے ودیا والینٹرس کی تنخواہ بروقت ادا کرنے اور والینٹرس کو کرایہ مکان الاونس دینے کی سفارش بھی کی تھی لیکن ادائیگی پر کوئی توجہ نہیں کی گئی ۔ کلاس رومس میں ٹیچرس نہ ہونے سے طلبہ کو مسائل درپیش ہیں ۔ بچے زیادہ وقت کھیل کود میں گذار رہے ہیں ان کی دیکھ بھال کرنے کے لیے ٹیچر موجود نہیں ہیں ۔۔