وجیندر کے بشمول 5باکسرس کو میڈلس یقینی

گلاسگو۔31جولائی( سیاست ڈاٹ کام ) اولمپک اور ورلڈ چمپئن براؤنز میڈلسٹ وجیندر سنگھ نے باکسروں کی کامیاب قیادت کی ہے جیسا کہ 5ہندوستانی باکسروں جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں ‘ 20ویںکامن ویلتھ گیمس میں میڈل کے حصول کو یقینی بنالیا ہے جیسا کہ ان باکسروں نے اپنے زمرے کے سیمی فائنلس میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ وجیندر سنگھ نے 75گرام زمرے ‘ مندیپ جھانگڑا69کلوگرام زمرہ اور دیویندروسنگھ49 کلوگرام زمرہ میں اپنے کوارٹر فائنل مقابلوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ دریں اثناء ایل سریتا دیوی نے 60کلوگرام زمرہ اور پنکی جھانگڑا نے 51کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔

2008ء اولمپک براؤنز میڈلسٹ وجیندر نے ٹرینیڈاڈ ٹوباگو کے حریف باکسر ارون پرنس کو 3-0سے شکست دی ۔کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے وجیندر نے کہا کہ مقابلے کے دوران میں نے اپنی حکمت کو تبدیل کیا جس کا مجھے فائدہ ہوا ۔ مقابلے کے آغاز پر دونوں باکسروں نے مسابقتی مظاہرہ کیا لیکن دوسرے مرحلے میں وجیندر نے اپنے مظاہرے میں تیزی پیدا کرتے ہوئے حریف باکسر کو شکست دی ۔سابق عالمی نمبر ایک وجیندر سنگھ نے کہا کہ ٹورنمنٹ کے گزرتے ہر مقابلے میں وہ بہتر مظاہرہ کررہے ہیں اور انہیں امید ہے کہ وہ گولڈ میڈل حاصل کرلیں گے ۔سیمی فائنل میں سخت مقابلے کی توقع کرتے ہوئے وجیندر نے کہا کہ ٹورنمنٹ میں جب قطعی 4باکسر رہ جاتے ہیں تو مقابلے خودبخود سخت ہوجاتے ہیں ۔