وجئے اور پجارا کی شاندار بیٹنگ‘ہندوستان کابہترین آغاز

ڈربن۔26ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے ٹسٹ سیریز میں متواتر دوسری مرتبہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ہندوستانی بیٹسمینوں خصوصاً اوپنر مرلی وجئے کے ہمراہ چیٹیشور پجارا نے بہترین بیٹنگ کے ذریعہ کپتان کے فیصلے کو صحیح ثابت کردکھایا ۔

ڈربن میں شروع ہوئے دوسرے ٹسٹ کے پہلے دن 61اوورس کے کھیل کے بعد جب مقابلہ کو ناقص روشنی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا اس موقع پر ہندوستانی ٹیم نے صرف اوپنرشکھر دھون کی وکٹ کے نقصان کے بعد 181رنز اسکور کرلئے تھے۔ جنوبی افریقہ نے پہلی کامیابی 14اوور کی پہلی گیند پر اُس وقت حاصل کی جب دوسرے ٹسٹ میں شرکت کی غیر یقینی صورتحال سے دوچار فاسٹ بولر مورنی مرکل نے شکھر دھون کو پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا ۔ حالانکہ دھون نے اس مقابلہ میں پُراعتماد آغاز کیا اور 49گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں چار چوکوں کی مدد سے 29رنز اسکور کرنے کے علاوہ پہلی وکٹ کیلئے وجئے کے ہمراہ 41رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ۔

تادم تحریر مرلی وجئے نے 201گیندوںمیں 17چوکوں کی مدد سے 91رنز اور پجارا نے 117 گیندوں میں 7چوکوں کی مدد سے 58رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تاحال دوسری وکٹ کیلئے 140رنز کی پارٹنرشپ بن چکی ہے ۔ جنوبی افریقہ کو لنچ کے وقفہ سے قبل ہی واحد کامیابی حاصل ہوئی ‘ کیونکہ ہندوستانی ان دو کھلاڑیوں نے لنچ کے وقفہ سے قبل مزید کوئی نقصان کے بغیر 76رنز اسکور کرلئے تھے ۔ جنوبی افریقی بولروں کیلئے موسم سازگار تھا کیونکہ سورج کی روشنی اکثر بادلوں کے پیچھے چھپ رہی تھی لیکن ابرآلود موسم میں بھی ہندوستانی بیٹسمینوں نے صبرآزما مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم شروعات فراہم کی ہے ۔

ہندوستانی ٹیم نے 30ویں اوور میں 100رنز کا ہندسہ عبور کرلیا جب کہ لنچ کے وقفہ کے بعد پھینکے جانے والے 10اوورس میں 48رنز اسکور کرنے کے علاوہ پجارا اور وجئے نے میزبان بولروں کو کامیابی سے دور رکھا۔ جنوبی افریقہ کیلئے واحد کامیابی مورنی مرکل نے حاصل کی جب کہ 12اوورس کی بولنگ میںانہوں نے 26رنز دیئے ۔ فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے 16اوورس میں 49 اور ورنان فیلنڈر نے 14اوورس میں 39رنز دیئے ۔ جیک کیلس جو کہ اپنے کریئر کا آخری ٹسٹ کھیل رہے ہیں وہ 7اوورس میں 23رنز دیئے ۔ ہندوستان نے آج اشون کے مقام پر رویندر جڈیجہ اور میزبان ٹیم میں عمران طاہر کے مقام پر رابن پیٹرسن کو موقع دیا ۔