واقعہ معراج النبیؐ ساری انسانیت کیلئے قابل فخر معجزہ

معراج النبی ؐ کانفرنس کے ضمن میں اجلاس، مولانا اقبال احمد رضوی القادری، ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی کا خطاب
حیدرآباد۔/26اپریل، ( راست ) معراج مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم معجزات نبویؐ میں ایک عظیم الشان معجزہ ہے۔ اللہ رب العزت نے انسانوں کی ہدایت کیلئے کم و بیش ایک لاکھ 24ہزار انبیاء کرام کو مبعوث فرمایا اور ہر نبی کو اس دور کے لحاظ سے معجزات عطا فرمائے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیبؐ کو سراپا معجزہ بناکر مبعوث فرمایا۔ دیگر نبیوں کو بھی معراج عطا فرمائی۔ مگر جس شان کی معراج آپ ؐ کو عطا کی گئی کسی اور نبی کو عطا نہ ہوئی۔ یعنی اللہ رب العزت نے آپؐ کو اپنا دیدار کروایا ۔یہ روحانی معراج کی بات نہیں بلکہ جسمانی معراج کی بات ہے۔ جس کا ثبوت قرآن میں موجود ہے اور احادیث میں بھی۔ جسمانی معراج کا منکر گمراہ و بددین ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا اقبال احمد رضوی القادری نے مسجد قباء مدینہ نگر تالاب کٹہ میں کُل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد شدنی 20ویں سالانہ انٹر نیشنل معراج النبی کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ ایک اجلاس سے کیا۔ مولانا نے مزید کہا کہ واقعہ معراج النبیؐ صبح قیامت تک کیلئے سارے بنی نوع انسانی کیلئے قابل فخر معجزہ ہے اور عبدیت کی معراج کی فقید المثال ہے جس کے ذریعہ ساری انسانیت کیلئے اصلاحی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے معراج النبی ؐ کے ذریعہ ملنے والے آفاقی پیغام پر روشنی ڈالی اور اس سے ملنے والی درس و نصیحت پر عمل پیرا ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ واقعہ معراج النبیؐ سے مکمل طور پر ملت اسلامیہ کا ہر فرد آگاہ رہے۔ اس انٹر نیشنل معراج النبیؐ کانفرنس کا انعقاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ اپنے عقائد و اصلاح کیلئے صحیح سمت متعین کرسکے۔ 16مئی کو بعد نماز عشاء گورنمنٹ جونیر کالج چنچل گوڑہ گراؤنڈ پر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انٹر نیشنل معراج النبی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں دنیائے اسلام کے ممتاز علماء کرام شرکت و خطاب کریں گے۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نے کہا کہ کمیٹی 1996ء سے مسلسل عقائد اہل سنت کی ترویج و اشاعت کرتی آرہی ہے۔جناب محمد شاہد اقبال قادری ( صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ بالخصوص مدینہ منورہ ،لندن اور ساؤتھ آفریقہ کے بیرونی علماء کرام اور مقامی علماء کرام و قائدین کی بھی شرکت ہوگی، عنقریب بیرونی علماء کرام کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔ اجلاس میں ملک محمد ابراہیم علی خاں خالد، محمد احمد خاں، سید طاہر حسین قادری، سید طاہر علی، سید جہانگیر، سید یونس برکاتی، حافظ شیخ حسین قادری ملتانی، عبید اللہ قادری، محمد فرحان، محمد وقار، محمد امجد، خواجہ قطب الدین، محمد اسد، محمد غوث، سید نوشید کے علاوہ کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں صلوۃ و سلام و دعاء پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔