وارڈ ممبر سے ناشائستہ گفتگو ‘ انسپکٹر چھتری ناکہ کے خلاف تحقیقات

حیدرآباد ۔ /30 مارچ (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے انسپکٹر چھتری ناکہ کے منوج کمار کی جانب سے مقامی وارڈ ممبر سے فون پر بات چیت کے دوران قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کرنے اور فرینڈلی پولیسنگ کے برخلاف اپنا رویہ ظاہر کرنے پر تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب چھتری ناکہ ، پٹیل نگر کے وارڈ ممبر سرویش کمار نے انسپکٹر منوج کمار کو کل رات فون پر یہ بتایا کہ اس کے مکان پر نامعلوم افراد کی جانب سے سنگباری کی گئی ہے ۔ یہ اطلاع فون پر دینے کے دوران انسپکٹر نے مبینہ طور پر وارڈ ممبر سے گفتگو کے دوران سخت الفاظ ہی نہیں بلکہ قابل اعتراض الفاظ کا بھی استعمال کیا تھا جس کے نتیجہ میں وارڈ ممبر سرویش کمار نے بات چیت کی ریکارڈیڈ آڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر وائرل کردی اور یہ بات عام ہونے پر کمشنر پولیس نے اس معاملے میں تحقیقات کا حکم دیا ۔ ڈی سی پی ساؤتھ زون وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ متعلقہ انسپکٹر کو ان کے دفتر سے چارج میمو دیا جائے گا اور اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وارڈ ممبر کی جانب سے فراہم کئے گئے آڈیو کلپ کے تصدیق کے بعد ہی اس معاملے میں کارروائی کی جائے گی ۔ اگر آڈیو کلپ جھوٹا یا اس سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہو تو سرویش کمار پر بھی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔