وارنر کی واپسی لیکن ولیمسن ہی کپتان،حیدرآباد خطاب کی دوڑ میںشامل

حیدرآباد ۔21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے سب سے خطرنا ک اوپنروں میں سے ایک آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کی واپسی سے سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیم ایک نئے جوش میں آگئی ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے کین ویلمسن اس سیزن میں بھی حیدرآباد کی کپتانی سنبھالیں گے۔ وارنر گذشتہ سال جنوبی افریقہ میں ٹسٹ میچ کے دوران بال ٹمپرنگ کے معاملے میں پھنس گئے تھے جس سے ان پرکرکٹ آسٹریلیا نے ایک سال کی پابندی لگادی تھی۔ اس پابندی کی وجہ سے وارنر کو آئی پی ایل کے پچھلے سیزن سے باہر ہونا پڑا تھا۔ وارنر پر عائد پابندی مارچ کے آخری ہفتے میں ختم ہورہی ہے جس سے وہ آئی پی ایل کے اس سیزن میں حیدرآباد کی طرف سے کھیلتے دکھائی دیں گے۔ وارنر کی واپسی سے ٹیم میں ایک نیا جوش بھرگیا ہے۔ اپنے مینٹر وی وی ایس لکشمن ‘ چیف کوچ ٹام موڈی اور بولنگ کوچ متھیا مرلی دھرن کی موجودگی میں حیدرآباد عرف اورینج آرمی نے آئی پی ایل کے بارہویں ایڈیشن کے لئے خود اعتمادی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم نے نئے کھلاڑی مارٹن گپٹل ، جانی بیرسٹو ، وجے شنکر، ابھیشیک شرما اور شہباز ندیم جیسے بہترین کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرتے ہوئے اسے مضبوط بنایا ہے۔ حیدرآباد کی 2013 میں شاندار کارکردگی رہی تھی 2016 میں یہ چمپئن بنی اور 2018میں فائنلسٹ رہی۔ اپنی شاندار بیٹنگ اوربولنگ لائن اپ کے ساتھ یہ ٹیم دوسری مرتبہ خطاب پر قبضہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ کین ولمسن ، بھونیشورکمار، منیش پانڈے ، یوسف پٹھان ، شکیب الحسن اورراشد خان جیسے شاندار کھلاڑیوں کی موجودگی کے ساتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی سے ٹیم کا جوش بڑھے گا۔ ٹیم میں 23 کھلاڑی ہیں جو ہندوستانی اور بین الاقوامی صلاحیت کا اچھا اشتراک ہے۔ اس کے علاوہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا مناسب توازن ہے۔ اورینج آرمی 24 مار چ کو ایڈن گارڈن کولکتہ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد کا گھریلو میدان رہے گا۔