وارنر ورلڈ کپ میں نمبر 3 پر بیٹنگ کریں گے؟

ملبورن ۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیرلیگ کے 12 ویں سیزن میں طوفان مچانے والے ڈیوڈ وارنرکو آسٹریلیائی ٹیم نے بڑا جھٹکا دیا ہے۔ آسٹریلیائی ٹیم نے ورلڈ کپ سے قبل ڈیوڈ وارنرسے اوپننگ چھین لی ہے۔ دراصل آسٹریلیائی ٹیم ورلڈکپ کی تیاری کے لئے نیوزی لینڈ کی ٹیم سے وارم اپ سیریزکھیل رہی ہے، جس میں وارنرکواوپننگ کرنے کے لئے نہیں اتارا گیا ۔ ٹیم مینجمنٹ نے ڈیوڈ وارنرکوتیسرے نمبرپراتارا۔ آسٹریلیائی ٹیم کیلئے کپتان ایرون فنچ اورعثمان خواجہ اننگز کا آغازکرنے کیلئے اترے حالانکہ ڈیوڈ وارنر زبردست فارم میں ہیں، اس کے باوجود انہیں اننگز کا آغازنہیں کرنے دیا گیا۔ ڈیوڈ وارنرنے آئی پی ایل میں بطوراوپنرسبھی کے ہوش اڑا دیئے تھے۔ وارنرنے آئی پی ایل کے اس سیزن میں 12 میچوں میں سب سیزیادہ 692 رنز بنائے۔ وارنرنے آئی پی ایل میں 8 نصف سنچری اورایک نصف سنچری بنائی۔ یہ اعدادوشمارثبوت ہیں کہ ڈیوڈ وارنر کتنی بہترین فارم میں ہیں، لیکن اس کے باوجود وارنرکوآسٹریلیائی ٹیم نے تیسرے نمبرپر بھیجا۔ اب ایسی قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ ڈیوڈ وارنرورلڈ کپ میں بھی تیسرے نمبرپر بیٹنگ کریں گے۔ دراصل وارنرکی غیرموجودگی میں عثمان خواجہ اورکپتان ایرون فنچ اننگز کا آغاز کررہے تھے۔ ایرون فنچ توپہلے سے ہی اوپننگ کرتے ہیں لیکن وارنرکی عدم موجودگی میں عثمان خواجہ سے اوپننگ کروائی گئی اورانہوں نے خودکوثابت بھی کیا۔ آسٹریلیائی ٹیم اگرورلڈ کپ میں ڈیوڈ وارنرسے اوپننگ نہیں کرانے کا فیصلہ کرتی ہے تویہ وارنرکے لئے بڑے جھٹکے کی طرح ہی ہوگا۔ اپنے کیریئرمیں وارنرنے صرف ایک مرتبہ نمبرتین پربیٹنگ کی ہے۔ سال 2015 میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوران ہی وہ اسکاٹ لینڈ کے خلاف نمبرتین پربیٹنگ کی تھی۔ علاوہ ازیں ٹیم کے سابق کپتان اسٹیو اسمتھ نے بھی اپنے مستقل نمبر 3 کے بجائے نمبر 4 پر بیٹنگ کی ہے اور اب گمان کیا جارہا ہے کہ شاید اسمتھ ورلڈ کپ میں نمبر4 پر بیٹنگ کریں گے۔