وارانسی میں مودی کیخلاف مجیداللہ خاں فرحت کی انتخابی مہم

حیدرآباد۔/29اپریل، (سیاست نیوز) ترجمان مجلس بچاؤ تحریک و امیدوار حلقہ یاقوت پورہ جناب مجید اللہ خاں فرحت 7مئی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی کے خلاف انتخابی مہم میں شرکت کیلئے واراناسی ( بنارس ) پہنچیں گے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے گذشتہ یوم اپنی انتخابی مہم کے اختتام کے بعد بات چیت کے دوران بتایا کہ وہ صرف حیدرآباد میں انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کا مقابلہ کرنے پر یقین نہیں رکھتے بلکہ واراناسی میں جہاں سے نریندر مودی انتخابی میدان میں ہے وہیں وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ان کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کریں گے اور واراناسی کے اقلیتی و سیکولر رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے مودی کی شکست کو یقینی بنانے کی اپیل کریں گے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے بتایا کہ 30اپریل کو تلنگانہ میں منعقدہ عام انتخابات کی رائے دہی کے اختتام کے بعد وہ 5مئی کو بارگاہ خواجہ خواجگان ہندالولی حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری ؒ کے عرس شریف میں شرکت کیلئے اجمیر روانہ ہوں گے جہاں حاضری کے بعد وہ دہلی روانہ ہوجائیں گے۔ دہلی میں بارگاہ حضرت نظام الدین اولیاءؒ، حضرت بختیار کاکیؒ، حضرت خواجہ نصیرالدین چراغ دہلویؒکی بارگاہوں میں حاضری دیں گے۔ دہلی سے وہ 7مئی کو واراناسی پہنچیں گے جہاں تین روز انتخابی مہم میں حصہ لینے کے بعد 10مئی کو حیدرآباد واپس ہوں گے۔ واراناسی میں 10مئی کو انتخابی مہم اختتام کو پہنچے گی جبکہ رائے دہی12مئی کو آٹھویں مرحلے میںمنعقد ہوگی۔انہوں نے مزید بتایاکہ مجلس بچاؤ تحریک نے واراناسی ہی میں نہیں بلکہ مختلف مقامات پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کو شکست سے دوچار کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن فی الحال تحریک اپنے محدود وسائل کے باوجود نریندر مودی کے خلاف انتخابی مہم چلانے کیلئے تیار ہے۔ جناب مجید اللہ خاں فرحت نے کہا کہ انہوں نے تاحال واراناسی میں کسی امیدوار کی تائید کا قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے لیکن یہ بات طئے ہے کہ نریندر مودی کے خلاف انتخابی مہم میں نہ صرف وہ بلکہ مجلس بچاؤ تحریک کی جانب سے مختلف قائدین و کارکنوں پر مشتمل وفد کو روانہ کرتے ہوئے نریندر مودی کے خلاف ایک اچھے دیانتدار اور مسلمانوں کے ہمدرد امیدوار کی تائید کی جائے گی۔