وادی میں اسکولس دوبارہ کھولنے پر گورنر کا راجناتھ سنگھ سے تبادلہ خیال

نئی دہلی ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گورنر جموں و کشمیر این این ووہرا نے آج مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست کی صورتحال بالخصوص بدامنی سے متاثرہ وادی میں اسکولس دوبارہ کھولنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ تقریباً نصف گھنٹہ جاری رہی اس ملاقات میں گورنر نے حساس ریاست کی موجودہ صورتحال سے واقف کرایا جہاں 110 سے زیادہ دنوں سے بدامنی جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر اور وزیرداخلہ نے وادی کشمیر میں اسکولس دوبارہ کھولنے کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا کیونکہ تشدد شروع ہونے کے بعد سے یہاں تعلیمی ادارے بند ہیں۔ 26 اسکول عمارتوں کو نذرآتش کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کشمیر میں 116 ویں دن بھی
عام زندگی متاثر
سرینگر ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وادی کشمیر کے کئی حصوں میں لوگ آج روزمرہ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے باہر نکل آئے لیکن علحدگی پسندوں کی ہڑتال کے سبب 116 ویں دن بھی عام زندگی متاثر رہی۔ آٹو رکشا اور کیابس سڑکوں پر دکھائی دے رہے تھے۔ عوام کی زیادہ تعداد نے ہڑتال کو نظرانداز کرتے ہوئے تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ بعض دکانات کھلی رہیں جبکہ کئی تاجرین نے سڑکوں پر اپنے اسٹالس لگائے تھے۔ اس کے باوجود شہر میں بیشتر دکانات، تجارتی ادارے اور پٹرول پمپس بند رہے۔ علحدگی پسند گروپس 8 جولائی کو حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے مسلسل ہفتہ وار احتجاجی کیلنڈر جاری کررہے ہیں۔