وائی ایس آر کانگریس کے ایک اور رکن اسمبلی تلگودیشم میں شامل

گزشتہ ایک ہفتہ میں پارٹی چھوڑنے والے ارکان کی تعداد 6 ہوگئی، جگن کو ایک اور دھکہ
وجئے واڑہ 28 فروری (پی ٹی آئی) وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو آج ایک اور دھکہ لگا کیوں کہ ان کے کیمپ سے ایک اور رکن اسمبلی نے اس مرتبہ ضلع پرکاشم سے حکمران تلگودیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس کے ساتھ گزشتہ ایک ہفتہ میں پارٹی چھوڑنے والے ارکان اسمبلی کی تعداد 6 ہوگئی۔ ایرا گنڈا پالم کے رکن اسمبلی ڈیوڈ راجو نے تلگودیشم پارٹی سربراہ اور چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو سے آج یہاں ان کی ریور فرنٹ قیامگاہ پر ملاقات کی اور پارٹی میں واپس ہوگئے۔ چندرابابو نائیڈو کی قیامگاہ سے باہر آتے ہوئے ڈیوڈ راجو نے میڈیا نمائندوں سے کہا ’’میں نے سابق میں 24 سال تک تلگودیشم پارٹی میں خدمات انجام دی ہیں۔ میں میرے حلقہ کے عوام کی خواہش پر پارٹی میں واپس آیا ہوں‘‘۔ ڈیوڈ راجو پرکاشم ضلع پریشد کے چیرمین رہ چکے ہیں اور تلگودیشم پارٹی میں رکن اسمبلی بھی تھے۔ وہ 2014 ء میں وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہوئے تھے اور حلقہ اسمبلی ایرا گنڈا پالم سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ 175 رکنی آندھراپردیش اسمبلی میں اپوزیشن پارٹی کے ارکان کی تعداد کم ہوکر 61 ہوگئی جبکہ تلگودیشم پارٹی کے ارکان کی تعداد میں 110 تک اضافہ ہوا۔