وائی ایس آر کانگریس کے ارکان اسمبلی کی جگن سے ملاقات ، قیادت پر یقین کا اظہار

حیدرآباد ۔ 29 ۔ فروری : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش میں ایک ماہ میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے چھ ارکان اسمبلی پارٹی چھوڑ کر حکمران تلگو دیشم پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے پس منظر میں ، اپوزیشن وائی ایس آر کانگریس نے آج کہا کہ تمام اضلاع سے پارٹی کے ارکان اسمبلی نے آج یہاں پارٹی سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی اور وفاداری کا اظہار کیا ۔ ’ ہماری پارٹی کے چند کمزور لوگوں نے پارٹی چھوڑ دیا ہے ۔ لیکن ہم وائی ایس جگن موہن ریڈی کی قیادت پر پورا یقین رکھتے ہیں اور اقدار پر مبنی ان کی سیاست پر ثابت قدم رہیں گے ‘ ۔ وائی ایس آر کانگریس کے ارکان اسمبلی نے یہ بات کہی جن میں کے گوردھن ریڈی ، کے سریدھر ریڈی ، سی بھاسکر ریڈی ، نارائنا سوامی اور جی ایشوری شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’ یہ صدر تلگو دیشم پارٹی اور اے پی چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی جوڑتوڑ کی سیاست ہے جو پوری طرح جاری ہے اس کے لیے ان کی جانب سے دو سال سے کی جارہی کوشش اور اپوزیشن کے ارکان کو لالچ دے کر اپنی پارٹی میں شامل کرنے کے ان کے تمام تر حربوں کے بہت کم نتائج برآمد ہوئے ہیں ‘ ۔۔