وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقتدار پر 25 لاکھ مکانات کی تعمیر

انجینیئرنگ و میڈیکل طلباء کو مالی امداد ، جگن موہن ریڈی کا عوام سے وعدہ
حیدرآباد /29 نومبر ( سیاست نیوز ) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی نے اقتدار حاصل ہونے پر غریب عوام کیلئے 25 لاکھ مکانات تعمیر کرنے جبکہ انجینئیرنگ اور میڈیسن کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کی مکمل فیس ادا کرنے میں چارجس کیلئے فی طالب علم مزید 20 ہزار روپئے ادا کرنے کا عوام سے وعدہ کیا ہے ۔ ضلع کرنول میں سنکلپ پدیاترا کے 23 ویں دن انہوں نے عوام سے ملاقات کی اور مسائل سے واقفیت حاصل کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلگودیشم کے 4 سالہ دور حکومت میں ایک بھی غریب عوام کو مکان نہیں دیا گیا ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو اقتدار حاصل ہوتا ہے تو وہ غریب عوام کو 25 لاکھ مکانات تعمیر کرکے دیں گے ۔ مکانات کی تعمیرات میں سماجی انصاف کیا جائے گا ۔ مکانات کی تقسیم کیلئے غربت کو پیمانہ بنایا جائیگا ۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ غریب طلبہ کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ان کے والد سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی نے فیس ریمبرسمنٹ اسکیم کو متعارف کرایا تھا ۔ لیکن چیف منسٹر آندھراپردیش نے اس اسکیم کو صرف 35 ہزار فیس تک محدود کردیا ۔ مزید 65 ہزار فیس کی ادائیگی کے موقف میں نہ رہنے والے طلبہ نے درمیان سے ہی تعلیم کو ترک کردیا ۔ بچوں کو اسکول روانہ کرنے والی ماؤں کے اکاونٹ میں 15 ہزار روپئے جمع کرایا جائے گا ۔ میس چارجس کیلئے 20 ہزار روپئے زائد ادا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران چیف منسٹر نے عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے ان میں ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا گیا ۔