وائی ایس آر کانگریس غریب پارٹی نہیں ہوسکتی

صدر پارٹی جگن موہن ریڈی پیالیس میں رہنے کے عادی ، چندرا بابو
حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ہرگز غریب پارٹی نہیں ہے ۔ بلکہ پیالیسوں کی حامل پارٹی سے تعبیر کیا ۔ کیونکہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی علحدہ ریاست آندھراپردیش کی تشکیل عمل میں آئے ہوئے تقریباً پانچ سال مکمل ہوئے ہیں ۔ لیکن جگن موہن ریڈی نے حیدرآباد چھوڑ کر ریاست منتقل ہونا گوارہ نہیں کیا ۔ کیونکہ ان کیلئے آندھراپردیش میں کوئی پیالیس فراہم نہیں تھا اور پیالیس کے بغیر جگن موہن ریڈی اپنی زندگی ہرگز بسر نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے ہدف ملامت بناتے ہوئے کہا کہ جگن موہن ریڈی جہاں کہیں بھی روانہ ہوئے ہیں انہیں وہاں راجہ جیسا سلوک کیا جانا چاہئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ انہیں حیدرآباد میں لوٹس پانڈ کے پاس ایک پیالیس ( محل ) بنگلور میں ایک پیالیس ، پولی وندولہ میں ایک پیالیس پایا جاتا ہے اور اب تاڑے پلی گوڑم ( امرواتی ) میں ایک نیا پیالیس ہوگیا ہے ۔ اس طرح مسٹر جگن کو پیالیسوں کے علاوہ عوامی خدمت سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ نائیڈو نے آج ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ پارٹی قائدین وغیرہ سے خطاب کرتے ہوئے اس بات سے واقف کروایا کہ امراوتی راجدھانی کے تعلق سے وائی ایس آر کانگریس پارٹی عوام کو گمراہ کرکے شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ ان کوششوں سے چوکس و چوکنا رہنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اور اب یکم مارچ کو بھی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ وشاکھاپٹنم کی مخالفت کرتے ہوئے خصوصی موقف سادھنا سمیتی احتجاج منظم کر رہی ہے ۔ لیکن وائی ایس آر کانگریس پارٹی ان کی تائید کرنے کی بجائے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔ لیکن تلگودیشم پارٹی سادھنا سمیتی کی بھرپور تائید کرے گی ۔