وائیٹ ہاوز کے قریب مخالف مودی مظاہرہ

وائیٹ ہاوز ۔ 30 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی جب امریکی قصر صدارت وائیٹ ہاوز میں بارک اوباما سے ملاقات کر رہے تھے کچھ ہی فاصلے پر ان کے خلاف سینکڑوں عوام نے احتجاجی مظاہرہ منظم کیا ۔ کہا گیا ہے کہ کشمیری اور سکھ گروپس کے علاوہ کچھ غیر ملحقہ احتجاجیوں نے پلے کارڈز کے ساتھ احتجاج کیا اور نعرے لگائے ۔ پیر کی شام میں حالات میں قدرے کشیدگی پیدا ہوگئی تھی کیونکہ پولیس کو مداخلت کرتے ہوئے کشمیری امریکن کونسل کے سٹ ان احتجاج کرنے والے احتجاجیوں کو وہاں سے اٹھانا پڑا تھا اور اسی وقت مودی وائیٹ ہاوز میں اوباما کے ساتھ ڈنر میں مصروف تھے ۔ ایک اور تنظیم سکھ فار جسٹس نے بھی جو حقوق انسانی کیلئے سرگرم ہے 1984 کے مخالف سکھ فسادات پر احتجاج منظم کیا ۔ یہاں بھی سینکڑوں افراد منگل کو جمع ہوگئے تھے جب دونوں قائدین کی وائیٹ ہاوز میں ملاقات ہو رہی تھی ۔ اس مقام پر سکھ فار جسٹس کی سٹیزن عدالت منعقد ہوئی جس میں مسٹر مودی کو 2002 کے مسلم کش فسادات میں ان کے مبینہ رول پر ماخوذ کیا گیا ۔ واضح رہے کہ امریکی کانگریس کے کچھ ارکان نے بھی اوباما کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہندوستان میں اقلیتوں کی مذہبی آزادی پر سوال کرنے کا مشورہ دیا تھا ۔