وائٹ ہاؤس میں اے آر رحمن کی دستاویزی فلم کی نمائش

واشنگٹن،30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمن کی زندگی پر تیار کردہ ایک دستاویزی فلم وائٹ ہاؤس میں دکھائی گئی۔ اومیش اگروال کی زیرہدایت تیار کردہ فلم میں آسکر اور گرامی ایوارڈ یافتہ موسیقار کی پیشہ ورانہ اور شخصی زندگی کے طویل سفر کا احاطہ کیا گیا ہے اور ان کی موسیقی میں مشرقی حساسیت اور مغربی تکنیک کے حسین امتزاج کو پیش کیا گیا۔ وائیٹ ہاؤس میں فلم کی نمائش سے قبل ٹوئٹر پیام میں ’’جئے ہو رحمن : 48‘‘ پوسٹ کیا گیا ہے۔اس موقع پر واشنگٹن کے قریب وینا کے پرفارمنگ آرٹ سنٹر میں میوزک کنسرٹ پیش کیا جارہا ہے۔ اے آر رحمن نے اپنے فیس بک صفحہ پر اپنے مداحوں اور موسیقی کے مداحوں سے کہاکہ مجوزہ میوزک کنسرٹ میں شرکت کریں۔ واضح رہے کہ اے آر رحمن کو صوفیانہ موسیقی میں بھی ملکہ حاصل ہے اور وہ اولیاء اللہ سے عقیدت رکھتے ہیں۔ اور اکثر و بیشتر درگاہوں پر حاضری دیتے ہیں۔