نیپال میں آئندہ ہفتے تک نئی حکومت ممکن

کٹھمنڈو 30 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپالی کانگریس کے لیڈر سشیل کوئرالا نے آج کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ آئندہ ہفتے تک اپنی قیادت میں ایک متفقہ حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔ اس سلسلہ میں دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت چل رہی ہے ۔ مسٹر کوئرالا کو حال ہی میں نیپالی کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتوں کے ساتھ ملک میں حکومت سازی کے سلسلہ میں بات چیت کا عمل پہلے ہی شروع ہوچکا ہے ۔ یہاں پارٹی کی جانب سے نو منتخب ارکان کو تہنیت پیش کرنے کیلئے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اتفاق رائے پر مبنی ایک حکومت قائم ہوجائے اور

بیشتر سیاسی جماعتوں نے ‘ جن سے انہوں نے بات چیت کی ہے ‘ اس خیال سے اتفاق کیا ہے ۔ نیپالی کانگریس پارٹی حکومت تشکیل دینے کیلئے 2 فبروری تک انتظار کریگی ۔ نیپال کے صدر رام بارن یادو نے ملک میں متفقہ حکومت کے قیام کیلئے 2 فبروری تک کی ہی مہلت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2 فبروری تک انتظار کرتے ہوئے اتفاق رائے پر مبنی حکومت قائم کرنے کی کوشش کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دوسری جماعتوں کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں اور ان کے خیال میں بات چیت کا یہ عمل درست سمت میں چل رہا ہے ۔ صدر نیپال نے ملک کے نئے دستور کی مطابقت میں دو فبروری تک کا وقت دیا ہے ۔ نیپالی کانگریس 601 رکنی اسمبلی میں 194 ارکان کے ساتھ سب سے بڑی واحد جماعت بن کر ابھری ہے ۔ وہ حکومت سازی کے سلسلہ میں 30 جماعتوں کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہی ہے ۔