نیوکلیئر معاہدہ پر ایران کے موقف کو پاکستان کی تائید

اسلام آباد ۔ 31 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج نیوکلیئر معاہدہ سے امریکہ کی دستبرداری کے بعد ایران کے موقف کی بھرپور تائید کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس معاہدہ پر دستخط کرنے والے دیگر ممالک بھی شرائط کے پابند رہیں گے۔ پاکستان کے دفترخارجہ نے کہاکہ وزیرخارجہ ایران جواد ظریف جو کل اسلام آباد پہنچے ہیں، وزیرخارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی سے تفصیلی تبادلہ خیال قومی اور عالمی مسائل پر بشمول افغانستان کی صورتحال اور نیوکلیئر معاہدہ سے یکطرفہ طور پر دستبرداری کے فیصلہ پر اور مشترکہ جامع لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایران کے اصولی موقف کی تائید کرتے ہوئے وزیرخارجہ پاکستان نے امید ظاہر کی کہ معاہدہ کی باقی فریقین اپنے تیقنات کے لفظی و معنوی اعتبار سے پابند رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی و نگرانکار ادارہ بار بار کہہ چکا ہیکہ ایران نے اپنی ایٹمی تنصیبات کے معائنہ کی بھرپور اجازت دی ہے جو معاہدہ کی شرائط کے مطابق ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ ضرورت کے وقت کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا۔ سمجھا جاتا ہیکہ دونوں فریقین نے باہمی تعلقات میں اضافہ کا عہد کیا اور کہا کہ ہر شعبہ میں تعاون کیا جائے گا۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ سرحدی تنازعات پر تعاون کی ستائش کرتے ہیں۔ یہ اتفاق ہوا کہ مختلف سطحوں پر اس سلسلہ میں تبادلہ خیال اور مشاورت جاری رہے گی۔