نیوزی لینڈ کے دورہ پرسری لنکا کو پہلی کامیابی

نیلسن۔31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا نے گناتھیلاکا،دلشان اورتھریمانے کی ذمہ دارانہ بیٹسمین کے بدولت نیوزی لینڈ کو تیسرے ونڈے میں 8وکٹوں سے شکست دے کر دورے کی پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ سیریز کے پہلے دومقابلوں میں شکست کے بعد سری لنکا نے تیسرے ونڈے  میں شکست دے کر سیریز کے خسارے کو کم کرکے 2-1 کردیا۔نیوزی لینڈ کے کپتان برنڈن مکالم کی غیر موجودگی میں قیادت کرنے والے کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنائے۔کین ولیمسن نے 59 رنز بنائے جبکہ ٹام لیتھم 42 اورمچل سینٹنر 38 رنز بنا کر نمایاں  رہے۔ سری لنکا کی جانب سے نووان پرادیپ، دشمنتھاچمیرا اور جیفری وینڈرسے نے فی کس وکٹیں حاصل کیں۔ 277 رنز کا نشانہ سری لنکائی ٹیم نے باآسانی 47ویں اوور میں صرف دووکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سری لنکا کے اوپنرز نے 98 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا اور نشانہ کو آسان کردیا۔

دریں اثناء دانوشکا گناتھیلاکا نے 45 گیندوں پر 4 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ تلکارتنے دلشان اور تھریمنے نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنائے تاہم دلشان 91 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، یہ سری لنکا کی گرنے والی دوسری وکٹ تھی۔ تھریمنے نے ناقابل شکست 87 رنز بنا کر سری لنکا کو تیسرے میچ میں کامیابی دلوانے میں کلیدی رول ادا کیا۔ چندیمل 27 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اوپنر گناتھیلاکا کو برق رفتار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو دوٹسٹ میچوں اور ابتدائی دونوں ونڈے میچوں میں شکست سے دوچار کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کو5 مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا اگلا میچ 2جنوری کو نیلسن میں ہی کھیلا جائے گا۔