نیوزی لینڈ میں ہندوستانیوں کے خلاف متنازعہ اشتہار پر برہمی

ملبورن ۔ 31  اکٹوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے آن لائین مارکٹ پلیس میں ایک اشتہار کی بناء ہندوستانی برادری نے شدید برہمی کااظہار کیاہے ۔ اس اشتہار میں واضح طورپر لکھا گیا ہے کہ فلیٹ میں ساتھ رہنے والوں کیلئے ’’ہندوستانیوں یا ایشیائی‘‘ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ ہندوستانی برادری نے اسے انتہائی نسلی منافرت پر مبنی اور تشویشناک پہلو قرار دیا۔ نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے آن لائن مارکٹ پلیس ٹریڈ می میں کرائسٹ چرچ سٹی کے ایک شخص نے اشتہار شائع کرایا جس کا نام الیسٹیر بتایا گیا ہے ۔ اس اشتہار کا ہزاروں افراد نے آن لائن مشاہدہ کیا۔ تاہم اس اشتہار کو عوامی برہمی کے بعد فہرست سے نکال دیا گیا ہے اور یہ وضاحت کی گئی کہ اشتہار دینے والا شخص نسلی امتیاز کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا تھا ۔ وہ صرف یہ چاہتا ہے کہ ایسے لوگوں کے ساتھ نہ رہے جو ہر رات سالن (کری ) پکاتے ہیں یا انگریزی بات نہیں کرسکتے ۔ الیسٹیر کے حوالے سے ایک روزنامہ نے بتایا کہ وہ واضح طورپر یہ وضاحت کرنا چاہتے ہیں کہ ہندوستانیوں یا ایشیائی عوام کی اکثریت انگریزی زبان میں صحیح انداز میں بات نہیں کرسکتے ۔ ماضی میں انھیں ایسے لوگوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے میں کافی مشکل پیش آچکی ہے ۔ بسا اوقات انھوں نے یہ سمجھانے کی بھی کوشش کی کہ وہ غلط انگریزی بات کررہے ہیں تو بھی وہ اپنی روش سے باز نہیں آتے تھے ۔ دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ بالخصوص ہندوستانی لوگ سخت مزاج ہوتے ہیں ۔ اس اشتہار کی وجہ سے نیوزی لینڈ میں ہندوستانی عوام میں شدید برہمی پیدا ہوگئی تھی ۔