نیوزی لینڈ میں عصمت دری تلنگانہ کے شخص کو 14 سال قید کی سزا

حیدرآباد ۔ 17 ۔ مئی : ( یو این آئی ) : تلنگانہ کے شہر کریم نگر کے ایک شخص کو نیوزی لینڈ میں ایک کمسن لڑکی کی عصمت دری کے معاملہ میں 14 سال کی سزا ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق کریم نگر کے چیتنیہ پوری سے تعلق رکھنے والے سیتاراما راؤ 19 سال قبل اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے نیوزی لینڈ روانہ ہوا تھا اور وہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد آکلینڈ میں ملازمت سے جڑ گیا ۔ سال 2003 میں اس نے 10 سالہ لڑکی کی عصمت دری کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس واقعہ کے بعد لڑکی ڈیپریشن میں آگئی تھی اور اس کا کئی جگہ علاج بھی کروایا گیا ۔ لڑکی ، سیتاراما راؤ کی پڑوسی بتائی گئی اور جب کبھی وہ اس کا سامنا کرتی تو اس کی طبیعت خراب ہوجاتی تھی اس واقعہ کے کئی سال بعد 2017 میں لڑکی نے سیتاراما راؤ کی حرکت سے گھر والوں کو واقف کروایا ۔ بعد ازاں ماہر نفسیات کے سامنے لڑکی نے اس کے ساتھ ہوئی گھناونی حرکت سے واقف کروایا ۔ جس پر گھر والوں نے سیتاراما راؤ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی اور آکلینڈ کی عدالت نے سیتاراما راؤ کو 14 سال قید کی سزا سنائی ۔۔