نیوزی لینڈ سانحہ :پاکستانی ہندوؤں نے ہولی سادگی سے منائی

اسلام آباد 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے ہندوؤں نے کرائسٹ چرچ واقعہ کے باعث مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اس سال ہولی سادگی سے منائی ۔اس سال ایک اور نئی اور خوش آئند بات یہ سامنے آئی کہ سندھ اسمبلی میں جہاں سب سے پہلے پاکستان کے قیام کی قرارداد منظور کی گئی تھی۔ آج تاریخ میں پہلی بار ہولی کھیلی گئی ۔ ارکان اسمبلی کیساتھ صحافیوں نے بھی ہولی کھیلی۔ آج یہاں نہ کوئی حکومت تھی نہ اپوزیشن، اور نہ کوئی مرد تھا نہ کوئی خاتون، یہاں سب ہی خوش تھے ۔ یہ اطلاع روزنامہ ڈان نے دی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہولی کا تہوار امن و محبت کا درس دیتا ہے ۔کراچی میں ہولی کی سب سے بڑی تقریب ایم اے جناح روڈ پر واقع سوامی نارائن مندر کے اطراف آباد بستی میں منعقد ہوئی، جہاں ہولی کے رنگوں اور دیگر اشیاء کی فروخت کیلئے بچوں نے خصوصی اسٹال لگا رکھے تھے ۔ زرق برق ملبوسات میں ملبوس خواتین اور لڑکیاں ایک دوسرے کو رنگ لگاتے رہے جبکہ نوجوان لڑکے ایک دوسرے پر رنگین پانی سے بھری تھیلیاں اچھال کر خوشی کا اظہار کرتے رہے ۔ مٹھائی سے بزرگوں کا منہ میٹھا کرایاگیا۔
موسم بہار کے آغاز کو خوش آمدید کہنے کے لئے منایا جانے والا تہوار ہولی دراصل سنسکرت زبان کے لفظ ‘ہولیکا’ سے ماخوذ ہے ، جس کے معنٰی اچھی فصل پر مالک کائنات کا شکریہ ادا کرنا ہے ہولی ،دیوالی، دسہرا ،بیساکھی یا پھر ایسٹر اور کرسمس بر صغیر اور دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی منائی جاتی ہے ۔ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے 2015 میں دیوالی اور 2017 میں ہولی کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔