’’نیم فوجی فورسیس کیلئے او آر او پی نہیں‘‘ : حکومت

نئی دہلی ۔ 21جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )حکومت نے آج کہا کہ نیم فوجی فورسیس میں ایک رینک ایک پنشن ( او آ ر او پی ) اسکیم کی کوئی تجویز زیرغور نہیں ہے۔ مملکتی وزیر دفاع راؤ اندرجیت سنگھ نے راجیہ سبھا میں دیئے گئے ایک تحریری جواب میں کہاکہ مسلح افواج میں او آر او پی کے اصول سے حکومت نے اتفاق کرلیاہے جس پر عمل آوری کے ضابطوں کے بارے میں متعلقہ فریقوں سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے جو فی الحال حکومت کے زیرغور ہے ۔ ضابطوں کی قطیعت اور حکومت کی منظوری کے بعد اس طریقہ کار پر عمل آوری کی جائے گی ۔ اس سوال پر کہ آیا نیم فوجی فورسیس میں اس اسکیم پر عمل آوری سے متعلقہ ایک سوال پر انھوں نے نفی میں جواب دیا ۔ سابق فوجیوں کے رواں ایجی ٹیشن کے تناظر میں ان کا یہ جواب منظرعام پر آیا ہے ۔ نیم فوجی فورسیس کے ایک گروپ نے بھی اپنے لئے او آر او پی اسکیم پر عمل آوری کا مطالبہ کیاہے ۔