نیمر نے ڈرامابازی کی غلطی تسلیم کرلی

برازیلا۔31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمرجونیئر نے ورلڈکپ مقابلوں کے دوران زخمی ہونے کا ڈراما کرنے کے الزامات اور تنقید کو تسلیم کیا ہے کہ وہ مایوسی کے عالم میں ایسا کر جاتے ہیں اور اس کیفیت سے نمٹنے کے لیے سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ورلڈکپ کے دوران زخمی ہونے کے حد سے زیادہ ڈراموں اور جان بوجھ کر گرنے جیسی حرکتوں پر نیمرکو عالمی سطح پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم ان کی یہ کاوشیں بھی برازیل کو ورلڈکپ میں فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئیں۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر اپنے اسپانسر جلیٹ کی ایک تشہیری ویڈیو کے دوران نیمر نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور کہا کہ وہ اس رویے سے چھٹکارا پانے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپ سوچتے ہوں گے کہ میں حد سے زیادہ ڈراما کرتا ہوں اورکبھی کبھی ایسا ہوتا بھی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ میں فیلڈ میں صحیح کھیل پیش نہیں کر پا رہا۔نیمر نے کہا کہ میرے اندر ایک بچہ ہے، کبھی یہ دنیا کو خوش کرتا ہے اور کبھی اس کی وجہ سے دنیا چڑجاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بہتر انسان بننے کی کوشش کر رہا ہوں اور فٹبال سے ہونے والی مایوسی کا سامنا کرنے لیے کوشاں ہوں۔برازیلی اسٹار نے کہا کہ اب وقت ہے کہ آپ کی تنقید کا سامنا کروں، اب وقت ہے کہ میں آئینے میں دیکھوں اورخود ایک نئے انسان میں بدل سکوں۔ لیکن میں اب نئے چہرے اور دل کے ساتھ آپ کے سامنے ہوں، میں گرا ضرور ہوں لیکن کھڑے صرف وہی ہو سکتے ہیں جوکبھی گرے ہوں۔