نیل آرٹ: انفرادیت کے اظہار کا ذریعہ

خوبصورتی کے ساتھ ساتھ ناخنوں کی تراش خراش اور لباس کی مناسبت سے رنگارنگ نیل پالش کا استعمال خواتین کے میک اپ کا لازمی حصہ ہے ۔ لیکن جہاں ہر بدلتے فیشن کے ساتھ میک اپ کے انداز میں بھی تبدیلیاں آتی ہیں وہیں ناخنوں کی سجاوٹ اور بناوٹ کا اسٹائل بھی تبدیل ہوجاتا ہے ۔ لیکن گذشتہ تین سال کے عرصے میں ناخنوں کی سجاوٹ کا انداز یکسر بدل گیا ہے ۔ اب خواتین لپ اسٹک سے زیادہ نیل پالش پر توجہ دیتی ہیں ۔ فیشن ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ ان دنوں نیل پالش کی فروخت لپ اسٹک کے مقابلے میں زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ یہ ایک نیا ریکارڈ ہے ۔ کیونکہ اس سے پہلے دنیا بھر میں فروخت ہونے والی میک اپ آئٹیم میں لپ اسٹک ہی تھی ۔ اب مارکٹ میں پہلے سے کہیں زیادہ نیل پالش کے شیڈز دستیاب ہیں اور بہت سے ایسے شیڈز بھی متعارف کروائے ہیں جو اس سے پہلے استعمال نہیں کئے جاتے تھے ۔ یہ منفرد اور جوش رنگ شیڈز ان دنوں نوجواں خواتین کا پہلا انتخاب ہیںاور انہیں نت نئے طریقوں سے لگانے کا شوق ذوق اور فیشن ایبل ہونے کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔

یہی نہیں بلکہ اب تو اس نئے ٹرینڈ کو باقاعدہ ایک آرٹ کا سا درجہ حاصل ہے ۔ ناخنوں پر نیل پالش سے کئی رنگوں سے مختلف ڈیزائن بنائے جاتے ہیں اور لڑکیاں فنکارانہ انداز میں نفاست کے ساتھ اپنے ناخن پینٹ کرکے گویا اپنی انفرادیت کا اظہار کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ اس فن کو نیل آرٹ کا نام دیا جاتا ہے ۔ ناخنوں پر لگانے والے نیل ایکس ٹینشنز یا مصنوعی ناخنوں کا رواج تو خاصا پرانا ہے جنہیں اپنے ناخنوں پر چپکاکر خواتین لمبے ناخنوں کا شوق پورا کرتیں تھیں لیکن اب مختلف دلکش ڈیزائنوں پر مشتمل نیل ریپس بھی مارکٹ میں دستیاب ہیں ۔ جنہیں اسٹکر کی مانند ناخنوں پر چپکاکر ان کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جاتا ہے ۔ یہی نہیں بلکہ ناخنوں پر دلکش موتی اور نگینے بھی اس خوبصورتی سے چپکائے جاتے ہیں کہ اس فن کی داد نہ دینا ناانصافی ہوگی ۔ ناخن سجانے سنوارنے کے فن کو اس سے پہلے اتنی مقبولیت اور اہمیت نہیں حاصل ہوئی تھی ۔ جتنی کہ اب ہے ۔ لطف کی بات یہ ہے کہ اس آرٹ کی ابتداء چھوٹے چھوٹے سیلونز سے ہوئی اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اسے باقاعدہ بزنس کا درجہ حاصل ہوگیا ۔ یہ نیا ٹرینڈ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی مشہور خواتین کیلئے بھی پسندیدہ ثابت ہوا ۔ لہذا جب بہت سی مشہور اداکاراؤں خواتین گلوکاروں ، فیشن ماڈلز اور حتی کہ اسپورٹس سیلبریٹیز نے نیل آرٹ کو اپنایا تو اسے بڑی تیزی کے ساتھ مقبولیت حاصل ہوئی ۔آپ بھی اس آرٹ کو اپنانا چاہیں تو مختلف خوبصورت ڈیزائنوں سے آئیڈیا لے کر اپنا شوق خود پورا کرسکتی ہیں ۔