نیلم سنجیواریڈی اور نرسمہا رائو سے پراجیکٹس منسوب کرنے کی اپیل

ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ ونود کمار کا وزیراعظم کو مکتوب
حیدرآباد۔31 جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ بی ونود کمار نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے نیلم سنجیوا ریڈی اور پی وی نرسمہا رائو کے نام سے نئی دہلی میں اہم عمارتوں سڑکوں اور پراجیکٹس کا نام رکھنے کی اپیل کی ہے۔ ونود کمار نے اپنے مکتوب میں دونوں شخصیتوں کی عوامی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ ایسے وقت جبکہ نئی دہلی میں سڑکوں اور عمارتوں کے نام قومی قائدین سے معنون کیے جارہے ہیں، ایسے میں ان شخصیتوں کے ناموں پر بھی غور کیا جانا چاہئے۔ اس طرح تلگو ریاست سے تعلق رکھنے والی دو نامور شخصیتوں کو خراج پیش کیا جاسکے گا۔ مکتوب میں کہا گیا کہ پی وی نرسمہا رائو نے وزیراعظم سے قبل کئی اہم وزارتوں میں خدمات انجام دیں اور انہیں ہندوستانی معاشی اصلاحات کا بانی کہا جاتا ہے۔ نرسمہا رائو نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وزیر فینانس مقرر کیا تھا جو بعد میں وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہیں۔ نیلم سنجیوا ریڈی آندھراپردیش کے پہلے چیف منسٹر تھے۔ دو مرتبہ لوک سبھا کے اسپیکر اور ایک مرتبہ مرکزی وزیر رہے۔ نیلم سنجیوا ریڈی ہندوستان کے سب سے کم عمر صدر جمہوریہ تھے۔ ایسی شخصیتوں کو خراج پیش کیا جانا چاہئے۔ ونود کمار نے دہلی میں اورنگ زیب روڈ کا نام عبدالکلام روڈ رکھنے کی مثال پیش کرتے ہوئے دونوں شخصیتوں کے نام سے اہم عمارتوں، سڑکوں یا پراجیکٹس کو منسوب کرنے کی خواہش کی۔