نیشنل شوٹنگ چمپئن شپ ، نواب شفاعت علی خاں کو پہلا مقام

مدھیہ پردیش میں مقابلہ ، حیدرآبادی شوٹر کو منفرد اعزاز
حیدرآباد 9 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد کے مشہور شوٹر نواب شفاعت علی خان کو نیشنل شوٹنگ چمپئن شپ مدھیہ پردیش کے مہو میں منعقدہ 62 ویں نیشنل شوٹنگ چمپئن شپ میں تلنگانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ بگ بور ویٹرن زمرہ میں نواب شفاعت علی خان نے 20 تا 29 اپریل منعقدہ چمپئن شپ میں پہلا مقام حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ نواب شفاعت علی خان کا شوٹنگ کیرئیر 51 سال پر محیط ہے۔ واضح رہے کہ نواب شفاعت علی خان نے 1968 ء میں مدراس میں منعقدہ 23 ویں نیشنل گیمس میں سب جونیر شوٹنگ مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اس وقت انھوں نے متحدہ آندھراپردیش کی نمائندگی کی تھی۔ جاریہ سال مدھیہ پردیش کے مہو میں منعقدہ 62 ویں نیشنل شوٹنگ چمپئن شپ میں اُنھوں نے 524 کا کوالیفائنگ اسکور کیا اور اس کے ساتھ ہی انھیں پہلے مقام کا مستحق قرار دیا گیا۔ نواب شفاعت علی خان کا تعلق شہر حیدرآباد سے ہے اور وہ ہمیشہ ملک کے کئی مقامات پر آدم خور شیر، بور بچوں کو مار گرایا ہے اور مختلف ریاستی حکومتوں کی جانب سے اُن کی خدمات سے استفادہ کیا گیا۔