نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن میں اقلیتی طلبہ کو پیشہ وارانہ کورسیس کی تربیت،بارہ کورس کا انتخاب ، 500 امیدواروں کو تربیت ، 75 فیصد فراہمی روزگار

حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی(سیاست  نیوز) حکومت نے اقلیتی طلبہ کو پیشہ ورانہ کورسس میں مہارت پیدا کرنے کیلئے نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن کے ذریعہ مختلف کورسس میں ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلہ میں محکمہ اقلیتی بہبود اور یوتھ ویلفیر ڈپارٹمنٹ نے نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ اکیڈیمی نے 12 مختلف کورسس میں اقلیتی طلبہ کیلئے ٹریننگ پروگرامس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد کے بنڈلہ گوڑہ علاقہ میں واقع اکیڈیمی کے کیمپ میں یکم اگست کو اورینٹیشن کیمپ منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ اضلاع میں واقع نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن کے مراکز پر بھی اس طرح کی کوچنگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ بنڈلہ گوڑہ کیمپس میں 500 اقلیتی طلبہ کیلئے بیک وقت ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا اور طلبہ کیلئے لنچ کا انتظام رہے گا۔ ٹریننگ کی مدت تین ماہ ہوگی جس کے اخراجات محکمہ اقلیتی بہبود اور یوتھ ویلفیر ڈپارٹمنٹ برداشت کرے گا ۔ ٹریننگ کے اختتام پر نیشنل اکیڈیمک آف کنسٹرکشن کی جانب سے تقریباً 70 فیصد امیدواروں کیلئے روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی خانگی معیاری ادارے کے ذریعہ اقلیتی طلبہ کیلئے مختلف پیشہ ورانہ کورسس میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جارہا ہے۔