نیسلے کی مشکلات میں اضافہ

دہرہ دون 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیسلے کیلئے حفاظتی معیاروں کے بارے میںتازہ پریشانی کھڑی ہوگئی جبکہ اس کے مشہور میگی نوڈل برانڈ کے نمونے اترا کھنڈ کے غذائی صیانت محکمہ نے حاصل کرلئے ۔ دو منٹ میں تیار ہونے والے نوڈلس کے نمونے کمپنی کے پنت نگر پلانٹ اور ریاست میں قائم دیگر کارخانوں سے حاصل کئے گئے۔ کمپنی پہلے ہی پڑوسی ریاست یو پی میں مسائل کا سامنا کررہی ہے جہاں غذائی اشیاء کے نگرانکار ادارہ ایف ایس ڈی اے نے پتہ چلایا ہے کہ اجازت یافتہ سطح سے زیادہ مونو سوڈیم گلوٹا میٹ میگی میںپایا جاتا ہے ۔ اسی وجہ سے میگی کے نمونوں کی دوبارہ جانچ کی جائے گی۔اترا کھنڈ کے ریاستی عہدیداروں نے میگی نوڈلس کے نمونے نیسلے انڈیا کے پنت نگر پلانٹ اور دیگر شہروں بشمول دہرہ دون کے پلانٹ سے حاصل کرلئے ہیں۔ ان کی جانچ ریاستی حکومت کی تجربہ گاہوں میں کی جائے گی ۔ ریاستی صیانت غذائی اجناس کے عہدیداروں نے نیسلے کے پنت نگر پلانٹ اور دیگر شہروں کے میگی پلانٹس کا دورہ کیا اور 8 نمونے حاصل کئے جنہیں ریاستی تجربہ گاہوں کو روانہ کردیا گیا ۔ ضلع مجسٹریٹ اودھم سنگھ نگر پنکج کمار پانڈے نے آج اس کی اطلاع دی ۔ دریں اثناء مرکزی غذائی اشیاء و امور صارفین کی وزارت نے بھی غذائی صیانت اور معیاروں کی اتھاریٹی آف انڈیا کو ہدایت دی کہ اس معاملہ کا جائزہ لیا جائے۔ علاوہ ازیں ایک طبقہ نے شکایت پیش کی کہ قومی صارفین تنازعات کی یکسوئی کمیٹی اور وزارت امور صارفین کو اس معاملے کا جائزہ لینا چاہئے۔ کل نیسلے انڈیا کے خلاف مقامی بارہ بنکی کی عدالت میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں میگی کی تشہیر کرنے والوں بشمول امیتابھ بچن ‘مادھوری ڈکشٹ اور پریتی زنٹا کو بھی میگی برانڈ کی تشہیر کیلئے عدالت میں طلب کیا گیا ہے ۔