نہرو کی وجہ سے چین سلامتی کونسل کا رکن بنا:جیٹلی

نئی دہلی 14مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کی دہشت گردتنظیم جیش محمد کے سرغنہ کو بین الاقوامی دہشت گرد اعلان کرنے پر امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی مضبوط حمایت کے باوجود چین کے ویٹو لگانے سے ناراض بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس معاملہ پر کانگریس کے صدر راہل گاندھی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہاکہ پنڈت جواہر لال نہرو نے ہی چین کو طاقتور اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں بطور ‘ تحفہ’ جگہ دلائی تھی۔بی جے پی کے ٹوئٹر پر راہول گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ چین اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا رکن نہیں ہوتا اگر آپ کے عظیم نانا ( نہرو) نے اسے ہندستان کی قیمت پر اسے تحفہ کے طورپر چین کو نہیں سونپا ہوتا۔ ہندستان نے آپ کے خاندان کی تمام غلطیوں کو معاف کیا۔ یہ یقینی بنائیں کہ ہندستان دہشت گردی کے خلاف لڑائی جیت سکے ۔مسعود کو بین الاقوامی دہشت گرد اعلان کرنے کی کوششوں کے ناکام ہونے کے بعد مسٹر گاندھی نے مسٹر مودی پر تلخ تبصرہ کیا تھا جس کے فوراََ بعد بی جے پی کی طرف سے یہ بیان آیا ہے ۔بی جے پی نے پرانے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بھی راہول گاندھی کو گھیرنے کی کوشش کی ہے ۔ 2017میں ڈوکلام تنازعہ کے عروج پر پہنچنے کے دوران چینی حکام کے ساتھ خفیہ میٹنگ کا حوالہ دیتے ہوئے گاندھی کو مودی کو کسی طرح کی نصیحت نہیں دینے کا مشورہ دیا ہے ۔مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرداعلان کئے جانے کے سے متعلق اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں لائی گئی قرارداد ایک بار پھر چین کی طرف سے اعتراض کرنے کے بعد پاس نہیں ہوسکی۔ اقوام متحدہ کے مستقل رکن ممالک امریکہ، فرانس اور برطانیہ نے مسعود کو عالمی دہشت گرد اعلان کرنے کی تجویز کھی تھی۔