نکسلائیٹ کا نشانہ بننے والے افراد کے خاندان کی فلا ح و بہبود

نلگنڈہ 27 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوام منتخبہ نمائندوں کا تعاون کرنے پر ضلع میںمثالی ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جاسکتا ہے انتہا پسندوں کے حملوں میں ہلاک ہوئے خاندانوں کی بہبود کیلئے پولیس ویلفیر فنڈ کو استعمال کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار نلگنڈہ مستقر پر 3.50 کرور روپئے سے تعمیر کردہ اے مادھوا ریڈی پولیس آڈیٹوریم کے افتتاحی تقریب کو ڈائرکٹر جنرل آف پولیس مسٹر بی پرساد راو نے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹوریم کو محکمہ پولیس کے علاوہ دیگر سرکاری خانگی پروگراموں کیلئے استعمال کرتے ہوئے حاصل ہونے والی آمدنی کو انتہاء پسندوں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد خاندان کے بچوں کو تعلیمی و بہبود کیلئے خرچ کرنا چاہئے۔ صدارت رکن اسمبلی نلگنڈہ مسٹر کے وینکٹ ریڈی نے کی اور کہا کہ وہ اسمبلی ترقیاتی فنڈ سے تعمیر کیلئے ممکنہ تعاون کیا ہے اورپرتیک فاونڈیشن سے 10 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کرتے ہوئے ایر کنڈیشن کیا جائے گا ۔ضلع مہتمم ڈاکٹر ٹی پربھاکر راو نے کارروائی چلائی۔ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ وہ آنجہانی وزیر پنچایت راج اے مادھوا ریڈی کو نکسلائٹس کے حملہ میں ہلاک کئے جانے کے بعد 2000ء میں سنگ بنیاد رکھاتھا۔ 14 سالہ طویل عرصہ کے بعد آج یہ آڈیٹوریم 3.50 کروڑ کے خرچ سے مکمل سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے حلقہ ترقیاتی فنڈ سے 1.50 کروڑ روپئے پولیس آڈیٹوریم کے لئے فراہم کئے ہیں۔

رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ نے کہا کہ بہت جلد میریال گوڑہ میں بھی مرکزی تعلیمی کامپلکس قائم کیا جائے گا ۔ رکن راجیہ سبھا و سینئر کانگریسی قائدین مسٹر پی گوردھن ریڈی نے کہا کہ اس پرکشش آڈیٹوریم میں فرنیچر کی سہولت کیلئے درکار فنڈ مختص کرنے کی کوشش کریں گے۔ ضلع کلکٹر مسٹر ی چرنجیولو نے کہا کہ آڈیٹوریم نہ صرف پولیس تک محدود نہ کریں بلکہ عوام کو بھی کرایہ پر دیا جائے تا کہ اس سے حاصل ہونے والی آمدنی سے ملازمین ویلفیر پر خرچ کیا جاسکے ۔ارکان قانون ساز کونسل مسرز بی رویندر ، کے دلیپ کمار نے بھی ملازمین پولیس کی خدمات کی ستائش کی جبکہ دلیپ کمار فوری طور پر 5 لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ تلگودیشم رکن اسمبلی و آنجہانی قائد کی اہلیہ شریمتی اوما مادھوا ریڈی نے اپنے شوہر کے نام پر رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ نے ذاتی طور پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے تعمیری کاموں کو مکمل کروانے پر اظہار تشکر کیا۔ بعدازاں تمام قائدین و پولیس ملازمین کو تہنیت پیش کی گئی۔ پولیس ملازمین اسو سی ایشن صدر گوپی ریڈی نے شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں ڈائرکٹر جنرل آف پولیس بی پرساد راو نے بتایا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد محکمہ میں پولیس ملازمین کی تقسیم سے متعلق کوئی ہدایت تاحال حاصل نہیں ہوئی محکمہ میں اس کی تیاری کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ پولیس عام انتخابات کے پرامن بنانے کیلئے تمام تر انتظام کئے ہیں۔ اس تقریب میں آئی جی اور ڈی آئی جی مسٹر ے وی راجندر ناتھ ریڈی، شوادھر ریڈی ایڈیشنل ایس پی محترمہ راما راجیشوری ڈی ایس پیز سرکل انسپکٹرس کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین و دیگر شریک تھے۔