نڈال ریکارڈ 10 ویں مرتبہ بارسلونا اوپن چیمپئن

بارسلونا۔ یکم مئی (سیاست ڈاٹ کام ) اسپین کے سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی رافل نڈال نے بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنمنٹ دسویں مرتبہ جیت لیا۔ انہوں نے فیصلہ کن مقابلے میں آسٹریا کے ڈومینک تھیئم کو آسانی کے ساتھ 6-4 اور 6-1 سے شکست دے کر دو ایونٹس دس مرتبہ جیتنے والے اولین کھلاڑی بھی بن گئے۔ یہ مسلسل دوسرا ہفتہ ہے کہ نڈال نے کوئی ٹورنمنٹ دسویں مرتبہ جیتا ہے کیونکہ گزشتہ اتوار کو انہوں نے مونٹی کارلو ماسٹرز کی ٹرافی پر بھی دسویں بار قبضہ کیا تھا۔ علاوہ ازیں ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ٹاپ سیڈ فرنچ کھلاڑی لوکاس پوائیل نے برطانوی کوالیفائر الیاز بیدینے کو 6-3 اور 6-1 سے شکست دے کر کے ہنگرین اوپن خطاب جیت لیا جو ان کا دوسرا اے ٹی پی ٹور خطاب بھی ہے۔لوکاس پوائیل نے اپنے برطانوی نمبر چار حریف کی سولہ فتح گر میچوں کا سلسلہ بھی ایک گھنٹے اور چار منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں توڑ ڈالا۔ ترکی کے شہر استنبول میں کھیلے گئے استنبول کپ کے ویمنز سنگلز مقابلوں کا خطاب ٹاپ سیڈ یوکرین کی ایلینا سویٹولینا کے نام رہا جنہوں نے فائنل میں بلجیم کی ایلیس میرٹینز کو 6-2 اور 6-4 سے مات دے کر ٹرافی سے محروم کر دیا۔ جرمنی کے شہر سٹٹ گارٹ میں میزبان کھلاڑی لارا سیگمنڈ نے خطاب اپنے نام کرلیا۔