نوید رحمت و مغفرت و نجات رمضان المبارک کے خصائص

آئی ہرک میں مذاکرہ ’’ فضائل و اعمال رمضان ‘‘ ۔ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی اور دیگر حضرات کے خطابات
حیدرآباد ۔21؍جون( پریس نوٹ) نزول قرآن مجید اور فریضہ صوم کا مقدس اور بابرکت مہینہ رمضان مبارک اہل ایمان کو عبادتوں میں زیادتی، ذکر و تسبیح، تلاوت قرآن مجید اور سماعت میں مزید انہماک، اعمال خیر کی کثرت اور مخلوق کی خدمت میں اضافہ کی ہدایات خاص کے ساتھ سایہ فگن ہے۔ اکل و شرب و جماع سے اوقات روزہ میں اجتناب کی طرح تمام برائیوں اور ممنوعات سے دائماً دور رہنا روزہ کا منشاء و مقصد ہے۔ نماز تراویح اس ماہ مبارک کی خصوصی عبادت ہے جو سنت موکدہ اور ہر مسلمان کے لئے اس کا ادا کرنا ضروری ہے۔ رمضان شریف میں صبح صادق سے غروب آفتاب تک جس طرح کھانے، پانی پینے اور قربت خاص سے رکے رہنا عبادت اور باعث اجر خاص ہے اسی طرح رات میں ان تمام امور کی رخصت و اجازت اللہ کی رحمت ہے امم سابقہ سحری سے محروم تھیں لیکن امت محمدؐیہ کو سحری کے کھانے اور حصول برکات کا موقع عنایت ربانی ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ہمارے اور اہل کتاب کے روزوں میں سحری کے لقمے فرق ہیں۔ وقت پورا ہو جانے کے بعد افطار میں عجلت بھلائی کی علامت و ضمانت ہے۔ بوقت افطار روزہ دار کی دعا رد نہیں ہوتی۔ رمضان مبارک میں شب قدر ایسی عظیم و مکرم رات ہے جسے ایک ہزار مہینوں سے زیادہ افضل بنا دیا گیا کیوں کہ اس شب مبارکہ میں خالق کونین نے اپنا کلام حق نازل فرمایا اور رسول اللہ ؐنے یہ نوید سرفراز فرمائی کہ جس شخص نے شب قدر میں ایمان و اخلاص کے ساتھ عبادت کی تو اللہ تعالیٰ اس کے پچھلے گناہوں کو بخش دیتا ہے اور اپنے بندوں پر اس رات خاص توجہ اور نگاہ رحمت فرماتا ہے۔ نماز اور روزہ بدنی اور زکوٰۃ مالی عبادت ہے ماہ صیام میں مومن بندوں کو ان تمام عبادتوں کی سعادت ایک ساتھ نصیب ہوتی ہے۔ علماء کرام اور دانشور حضرات نے آج صبح ۹ بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمیدآباد‘‘ واقع شرفی چمن ،سبزی منڈی اور ۲ بجے دن جامع مسجدمحبوب شاہی مالا کنٹہ روڈ، روبرو معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) کے زیر اہتمام ’۱۱۵۲‘ ویں تاریخ اسلام اجلاس کے دونوں سیشنوں میں منعقدہ موضوعاتی مذاکرہ ’’فضائل واعمال رمضان‘‘میں حصہ لیتے ہوے ان خیالات کا مجموعی طور پر اظہار کیا۔ مذاکرہ کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کی۔قرآن حکیم کی آیات شریفہ کی تلاوت سے مذاکرہ کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐپیش کی گئی اہل علم اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے مذاکرہ کا آغاز کرتے ہوے کہا کہ روزہ دار کو ہر معصیت، بے اعتدالی اور لغزش سے اجتناب ضروری ہے۔ نظر ، سماعت، زبان، ہاتھ، پیر اور دل و دماغ کو جملہ ممنوعات سے روکنا عبادت گزار بندہ کی ذمہ داری ہے۔انھوںنے کہا کہ رمضان مبارک میں ایک فرض کی ادائیگی اور دنوں کے ستر فرض کے مثل ہے ۔مولانا مفتی سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی کامل نظامیہ و ریسرچ اسکالر عثمانیہ یونیورسٹی نے اپنے مقالہ میں کہا کہ بلا شبہ قرآن مجید جب سے نازل ہوا ہے آج تک اور قیام قیامت تک دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ربانی ہے۔جناب سید محمد علی موسیٰ رضا قادری حمیدی نے اپنے مقالہ میں کہا کہ ماہ رمضان المبارک کی خصوصیات میں نماز تراویح کی ادائیگی ہے۔ تراویح مرد و عورت سب کے لئے بالاجماع سنت موکدہ ہے اور اس کا ترک کرنا جائز نہیں۔نگران مذاکرہ ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی نے اپنے مقالہ میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی حکمت بالغہ اور فضل و کرم سے اپنے بندوں کو جیسا چاہا اور جس نعمت سے چاہا نوازا ہے کسی کو حسن و جمال، کسی کو حکمت و دانائی، کسی کو علم و فضل، کسی کو ملک و مال عطا فرمایا۔ ان تمام انعامات کی شکر گزاری بندوں پر لازمی ہے جو اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں وہ اور زیادہ نوازے جاتے ہیں جنھیں دولت و ثروت سے مالا مال کیا گیا ان کے لئے شکر گزاری کا طریقہ اللہ کی راہ میں خرچ کرنا ہے جس کے لئے صدقات، خیرات اور فریضہ زکوٰۃ کی ادئیگی کے محبوب طریقے ہیں جس میں زکوٰۃ کی حیثیت فرض اور دین کے اہم ستون کی ہے اس کے ذریعہ بندہ، ضرورت مند مستحق فقراء، مساکین، قرضداروں، مسافروں کے علاوہ اللہ کی راہ میں مخلوق خدا کی مالی خدمت و اعانت کرتا ہے اور اس مالی عبادت کے ذریعہ اللہ تعالیٰ کی رضاے خاص اور خوشنودی سے سرفراز ہوتا ہے۔