نوٹ بندی کے پچاس دن کی تکمیل

بینکوں کی قطاروں میں کوئی کمی نہیں، عوامی مسائل میں اضافہ

نیالکل 30 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں نوٹ بندی کے 50 دن کی تکمیل کے باوجود ضلع سنگاریڈی حلقہ اسمبلی ظہیرآباد نیالکل جھرہ سنگم کے بینکوں میں عوام کی طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ عوام صبح کی ا ولین ساعتوں سے ہی بینکوں اور اے ٹی ایم کے سامنے قطاروں میں نظر آرہے ہیں۔ ضعیف العمر اور دیگر افراد کو حصول رقم کیلئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نوٹ بندی کے سبب تمام کاروبار تجارتی ادارے مکمل طور پر ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا ، بینک آف انڈیا، سنٹرل بینک، ایچ ڈی ایف سی بینک اور دیگر بینکوں میں مواضعات، دیہاتوں کے عوام اور کسانوں کے جمع رقم کو موصول کرنے میں کافی دشواریاں ہورہی ہیں۔ بینکوں میں عوامی سماعت کے لئے علیحدہ کاؤنٹر لگائے گئے ہیں۔ اس کے باوجود عوامی مسائل میں کوئی کمی نہیں آرہی ہے۔ شادی بیاہ و دیگر تقاریب کے لئے بھی بینکوں میں 10 ہزار سے زیادہ کی رقم نہیں دی جارہی ہے۔ جس کے باعث تقاریب کو ملتوی کیا جارہا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم انتخابی مہم میں ہندوستان میں اچھے دن لانے اور بیرونی ممالک میں جمع کالا دھن کو واپس لانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک اس پر کوئی عمل نہیں ہوا۔ نوٹ بندی نے ملک کے غریب عوام کو سخت مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔