نوٹ بندی کے فیصلہ کو عوام کی بھرپور تائید ‘ دتاتریہ کا ادعا

حیدرآباد ۔ 30جنوری ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر لیبر و روزگار بنڈارودتاتریہ نے سابق وزیر فینانس پی چدمبرم کے ایک بیان پر شدید تنقید کی کہ نوٹ بندی ایک بڑا اسکام ہے ۔ انہوں نے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کوئی بھی اس بات پر یقین نہیں کرے گا ۔ اس کے برعکس ملک کے عوام نے نوٹ بندی کے تعلق سے وزیر اعظم کے فیصلہ پر مکمل یقین کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کے بعد مجالس مقامی انتخابات میں عوام کی بی جے پی اور این ڈی اے کو تائید اس کا ثبوت ہے ۔ یہاں تک کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے بھی کہا کہ اس فیصلہ سے ملک کو فائدہ ہوگا ۔ دتاتریہ نے کہا کہ جو لوگ کالا دھن کی حوصلہ افزائی کرتے تھے وہی نوٹ بندی پر نکتہ چینی کررہے ہیں ۔