نوٹ بندی کے خلاف مہم ‘ راہول گاندھی کی حیدرآباد میں ریلی متوقع

کانگریس نائب صدر کا جنوری کے دوسرے ہفتے میں دورہ ممکن ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس صدر اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد 31 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی امکان ہے کہ نوٹ بندی اور مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف اپنی ملک گیر مہم کے حصے کے طور پر تلنگانہ میں بھی ایک ریلی سے خطاب کرینگے ۔ پارٹی کے ریاستی صدراین اتم کمار ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے نوٹ بندی کے فیصلے اور حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف ملک گیر سطح پر مہم چلائی جا رہی ہے ۔ راہول گاندھی امکان ہے کہ ماہ جنوری کے دوران حیدرآباد کا دورہ بھی کرینگے ۔ وہ یہاں ایک ریلی سے خطاب کرینگے تاہم ابھی اس ریلی کی تاریخ کو قطعیت نہیں دی گئی ہے ۔ انہوںنے نوٹ بندی کو بہت بڑا اسکام قرار دیا ۔  گاندھی بھون میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا توسیعی اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوٹ بندی کے 50 دن کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مستقبل کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ اجلاس میں نوٹ بندی احتجاجی مہم کیلئے اے آئی سی سی کی جانب سے نامزد کردہ جنوبی ہند کے انچارج ڈی کے شیو کمار، تلنگانہ کے انچارج کے بی کرشنا مورتی، قائدین اپوزیشن جاناریڈی (اسمبلی)، محمد علی شبیر (کونسل)، ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ کانگریس ملوبٹی وکرا مارک، سابق صدور وی ہنمنت راؤ، پنالہ لکشمیا ارکان پارلیمنٹ، پی گووردھن ریڈی، رینوکا چودھری، نندی ایلیا  جنرل سکریٹری سید عظمت اللہ حسینی، عظمیٰ شاکر، ایس کے افضل الدین، محمد مقصود احمد صدر تلنگانہ کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ، محمد خواجہ فخرالدین کانگریس کے معاون ارکان جابر پٹیل، عتیق صدیقی و دوسرے موجود تھے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ وزیراعظم کے فیصلے سے ملک میں معاشی بحران پیدا ہوگیا۔ 50 دن مکمل ہونے کے باوجود عوام کو راحت نہیں ملی ہے۔ مسائل جوں کے توں برقرار ہے۔ دہشت گردی، کالادھن، نقلی نوٹ کا خاتمہ کرنے 500 اور 1000 روپئے کی نوٹ منسوخ کرنے کا وزیراعظم نریندر مودی نے اعلان کیا، جس میں ناکام ہونے کے بعد وزیراعظم ملک کو کیاش لیس سوسائٹی میں تبدیل کرنے اور ڈیجیٹل لین دین کو عام کرنے کا دعویٰ کرکے عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ عوامی مسائل کے خلاف تلنگانہ کانگریس ریاست میں احتجاجی مہم کا آغاز کرے گی۔ 2 جنوری کو تلنگانہ کانگریس کے نائب صدر سابق 10 اضلاع کانگریس صدر کے ساتھ اضلاع ہیڈکوارٹرس پر پریس کانفرنس میں احتجاجی حکمت عملی سے واقف کرائیں گے۔ 5 یا 6 جنوری کو اضلاع ہیڈکوارٹرس پر احتجاج کرتے ہوئے کلکٹرس کو یادداشت پیش کریں گے۔ 9 جنوری کو مہیلا کانگریس کی جانب سے احتجاجی دھرنوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ 11 جنوری کو دہلی میں راہول گاندھی کی جانب سے منعقد کئے جانے والے قومی سطح کے دھرنے میں تلنگانہ کے کانگریس قائدین شرکت کریں گے۔ جنوبی ہند کے انچارج شیوکمار نے کہا کہ کانگریس نے نوٹ بندی کے خلاف احتجاج کا جائزہ لینے سونیا گاندھی کے سیاسی مشیراحمد پٹیل کی قیادت میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کانگریس کی جانب سے مودی کی من مانی کے خلاف ملک بھر میں مہم چلائی جارہی ہے۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی ملک کے تمام ریاستوں میں احتجاجی دھرنے میں شرکت کریں گے۔